وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسف زئی کی مجیب الرحمن شامی سے ملاقات

وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسف زئی کی مجیب الرحمن شامی سے ملاقات

  



لاہور(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کی سربراہی میں خیبرپختونخوا وزارت اطلاعات کے اعلیٰ سطحی وفد نے روزنامہ ”پاکستان“ کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی سے ان کے گھر پر ملاقات کی، صحت یابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔صوبائی وزیر کے ہمراہ وفد میں خیبرپختونخوا کے سیکرٹری انفارمیشن سید امتیاز حسین شاہ بمعہ ڈی جی پی آر امداد اللہ خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن بہرہ مند خان درانی بھی شامل تھے،جبکہ اس موقع پر روزنامہ ”پاکستان“کے ایڈیٹر عمر مجیب شامی، جوائنٹ ایڈیٹر نعیم مصطفی کیپٹل ٹی وی کے سربراہ نوشاد علی اور آئرن برادرز کلچرل اینڈ آرٹ چائینہ کے چیئرمین عامر علی عامر بھی موجود تھے۔کے پی کے وفد نے مجیب الرحمان شامی کو خیبر پختونخوامیں ہونیوالے ترقیا تی منصوبوں، بالخصوص میٹرو بس سروس بی آر ٹی میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے اور وزیر اعظم عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کی ترویج کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے بتایا خیبرپختونخوا میں میڈیا کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے، حکومت اور میڈیا کے تعلقات مثالی ہیں جس پر وزیر اعظم نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ہم نے پرنٹ اور الیکٹرانکس میڈیا کیساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کو بھی اشتہار ا ت دینے کی پالیسی بنائی ہے جس پر جلد عملدر آمد شروع کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر روزنامہ ”پاکستان“ اور پاکستان ڈیجیٹل کیلئے خصوصی انٹرویو ریکارڈ کروایا جو کل شائع اور نشر کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول