حکومت چینی و آٹا مافیاکے آگے بے بس ہے،محمد حسین محنتی

حکومت چینی و آٹا مافیاکے آگے بے بس ہے،محمد حسین محنتی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے بے حال اورحکومت اپنے ہی پیاروں چینی و آٹا مافیا کے آگے بے بس ہے۔تبدیلی کے دعوے دھوکہ کے سوا کچھ بھی نہیں۔ انسانیت کی خدمت رب کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ رحمت بھائی نے اس نفسا نفسی اور مہنگائی کے دور میں نیو کراچی جیسے پسماندہ علاقے میں غریبوں کی مدد اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بن کر ان کی داد رسی کی۔ ان سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی الیون ڈی میں رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و چیئر مین سید رحمت علی عرف رحمت بھائی کی وفات پر ان کے گھر جاکربڑے بھائی اکبر علی و دیگر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یونس، سابق ٹاؤن ناظم شفیق الرحمان عثمانی، ڈاکٹر خالد، ناظم علاقہ شکیل احمد اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر مقامی رہنماء بھی ساتھ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ رحمت بھائی نے اپنی پوری زندگی غریب و بے سہارا لوگوں کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ صحت وتعلیم، ہنر سمیت مختلف شعبہ جات قائم کر کے وہ علاقے کے لوگوں کیلئے اللہ کی طرف سے رحمت ہو کر آئے تھے۔ اور آخری دم تک وہ اس کام میں لگے رہے۔ صوبائی امیر نے رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اس خیر کو جاری رکھیں تاکہ مرحوم کی روح کو تسکین پہنچ سکے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت بلند درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کے سیکرٹری اور مرحوم کے بھائی اکبر علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رحمت بھائی کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا بلکہ احباب کے تعاون اور جماعت اسلامی کی سرپرستی میں اس کو مزید وسعت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و چیئر مین 78 سالہ بزرگ سماجی رہنماء سید رحمت علی المعروف رحمت بھائی8 فروری کو انتقال کر گئے۔ وہ دہلی میں پیدا ہوئے اور 4 برس کی عمر میں والدین کے ہمراہ پاکستان ہجرت کر کے آئے تھے۔ 1997 میں نیو کراچی کے پسماندہ علاقے میں رحمت ویلفیئر ٹرسٹ قائم کیا اس کے تحت اسکول اور اکیڈمی سمیت مختلف شعبہ جات قائم کئے۔

مزید : صفحہ اول