ڈی آئی خان،دہشتگردوں کاراکٹ لانچروں سے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ

ڈی آئی خان،دہشتگردوں کاراکٹ لانچروں سے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ

  



ڈیر ہ اسماعیل خان (آن لائن) تھانہ صدر کی حدود پوٹہ پولیس چیک پوسٹ پر مسلح موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کا حملہ، 8سے 10 حملہ آوروں کی پولیس پوسٹ پر فائرنگ، راکٹ لانچرز بھی داغے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے، آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ کا جائے حادثہ کا دورہ، بہادری اوربہترین حکمت عملی کے ساتھ دہشتگردوں کامقابلہ کرنے پر اہلکاروں کوشاباش، نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گزشتہ شب تقریباً09:15 تھانہ صدر کے حدود میں واقع ایف آر پی پولیس پوسٹ پوٹہ پر نامعلوم دہشتگرد حملہ آور ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ پولیس پوسٹ پر راکٹ لانچرز بھی داغے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج محمد امتیاز شاہ اور ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگرد وں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانہ صدر کی حدود میں پولیس پوسٹ پوٹہ پرراکٹ لانچر اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔پولیس پوسٹ پوٹہ پر تعینات اہلکاروں نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے حملہ کو نا صرف پسپا کیا بلکہ دہشتگردوں کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکار چوکنا ہونے کی وجہ سے کسی قسم کے جانی نقصان سے مکمل محفوظ رہے جبکہ حملہ کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ پولیس اہلکاورں کی جوابی کاروائی کے نتیجہ میں دہشتگردوں کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھا گھنٹہ تک جاری رہا۔ حملہ آور تقریباً 8سے10 کی تعداد میں تھے جو کہ اپنے مقصد میں ناکامی کے باعث رات کے اندھیرے کافائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

حملہ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر