کرک میں سٹرک کی تعمیر سے 30ہزار افراد مستفید ہوں گے، محمود خان

  کرک میں سٹرک کی تعمیر سے 30ہزار افراد مستفید ہوں گے، محمود خان

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا 2020 لوگو کی باقاعدہ رونمائی کرکے رواں برس کو صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے انقلابی سال قرار دیا ہے، اورہدایت کی ہے کہ تمام محکمے عوامی خدمات میں شفافیت لانے اورغیر ضروری تاخیر کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کے بارے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا نے ڈیجیٹل پالیسی مرتب کرکے دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے، جبکہ رواں سال ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں جاری رہے گی تاکہ انتظامی امور کو جدیدیت کی جانب بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی فلاح کیلئے اصلاحات پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین اہداف میں شامل ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ہے،آئی ٹی شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ ڈیجٹیل خیبرپختونخوا 2020 لوگو (LOGO)کی رونمائی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش، معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے رواں سال کو صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے سال کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل خیبرپختونخوا لوگو (LOGO) اور اس کے پیچھے وژن سے سرمایہ کاروں، آئی ٹی سیکٹر ایکسپرٹس اور صنعت کاروں کو خیبرپختونخوا میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف راغب کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح خیبرپختونخوا حکومت نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی بنانے میں پہل کی ہے۔ اسی طرح حکومت کی کوشش ہے کہ سال 2020 کو تیزترین ترقی کا سال بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے سال 2020 کو ٹرانسپرنسی، شہریوں کے لئے سہولیات اور خدمات کو سہل بنانے اور سرکاری اُمور میں جدت لانے جبکہ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا سال قرار دیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے سات سو (700) سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ملک کی پہلی بی پی او ریڈی فیسیلٹی(Business Process Out Sourcing Ready Facility) کا آغاز ہوچکا ہے، انتہائی قلیل وقت میں بین الاقوامی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ بزنس پراسیس آوٹ سورسنگ ریڈی فیسیلٹی کے قیام سے خیبرپختونخوا میں نہ صرف بے تحاشہ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی و بین الاقوامی بی پی او آپریٹرز کی بھی حوصلہ افزائی ممکن ہوگی۔ملکی و بین الاقوامی بی پی او آپریٹرز ا ب آئی ٹی سیکٹر میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی سربراہی میں ضلع کرک بانڈہ داؤد شاہ سے علاقہ گور گورے تک 38کلومیٹر سڑک کی مرمت و بحالی کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔معاہدے کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو سفری سہولیات میں مزید آسانی میسر ہو گی جبکہ منصوبے سے تقریباً 30ہزار مقامی افراد مستفید ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق منصوبہ 495.04 ملین روپے کی لاگت سے 18مہینوں میں مکمل کیا جائیگا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے کوہاٹ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا اور ان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ضلع کوہاٹ کی صحافی برادری حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہی میں اپنامثبت کردار اداکریگی، جبکہ مثبت تنقید سے حکومت کو بھی عوامی مشکلات کی نشاندہی میں اپنا کلیدی کردار بھی ادا کرے گی۔

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی میں 125 ایکٹر اراضی پر عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 600.95 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دی ہے جبکہ منصوبے کورواں سال اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منصوبے میں عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 224 ملین روپے، الیکٹرک انسٹالیشن کیلئے 151.76 ملین روپے، نکاسی آب، پلمبنگ اور گیس انسٹالیشن کیلئے 112.50 ملین روپے، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 80 ملین روپے جبکہ نیٹ ورک اور آئی ٹی کیلئے 32.69 ملین روپے فنڈزصوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو سراہتی ہے جبکہ صوبائی حکومت اس ضمن میں راشد میموریل ٹرسٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے ضلع صوابی میں عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی شکیل قادر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ، راشد میموریل ٹرسٹ وفد کے عہدیداران و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو راشد میموریل ٹرسٹ کے قیام اور ملک میں مختلف ویلفیئر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ راشد میموریل ٹرسٹ کا مقصد غربت اور ناخواندگی کا خاتمہ، دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی، غریب عوام کی معاشرتی ترقی اور قومی یگانگت کا فروغ ہے۔ راشد میموریل ٹرسٹ معاشرے کے یتیم،بے بس اور نادار افراد کی معاشی ترقی، اُن کو تکنیکی مہارت فراہم کرنا، مفت تعلیمی و صحت سہولیات و دیگر کمیونٹی سروسزکی فراہمی جیسے اقدامات پر خصوصی کام کر رہی ہے۔ اجلاس کوضلع صوابی میں عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن کے قیام و پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن کے قیام کیلئے درکار125 ایکٹر اراضی حاصل کی گئی ہے جبکہ پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے ویلفیئر ٹاؤن کی باونڈری وال بھی مکمل کی گئی ہے۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن کے مین گیٹ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ ویلفیئر ٹاؤن میں مسجد کی تعمیر پر اکتوبر 2019 میں تعمیراتی کام شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں 200 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر پر بھی نومبر2019 ء میں کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ مارچ2020 ء تک سکولوں کے قیام کیلئے ڈیزائن کوحتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں رہائشی اپارٹمنٹس کے ڈیزائن پر بھی کام جاری ہے جبکہ سڑکوں، فٹ پاتھس، نکاسی آب، بجلی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کیلئے پی سی ون کو بھی مکمل کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن کے قیام سے صوبے اور خصوصی طور پر مقامی آبادی کے بے بس اور غریب افراد کو وضع شدہ طریقہ کار کے مطابق اپارٹمنٹس فراہم کئے جائیں گے جبکہ ویلفیئر ٹاؤن میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا وژن ہی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ صوبائی حکومت صوبے میں سماجی بہبود اور معاشرے کی فلاح کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے گی۔

مزید : صفحہ اول