گیس وآئل کمپنیاں ماحولیاتی معاہدوں کی پاسداری کریں، فضل الہیٰ

گیس وآئل کمپنیاں ماحولیاتی معاہدوں کی پاسداری کریں، فضل الہیٰ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کے چیئرمین اورایم پی اے فضل الٰہی نے کوہاٹ، کرک، ھنگو، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں کام کرنے والی گیس اور آئل کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اضلاع میں ماحول کو آلودگی سے بچاؤ کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ انہوں نے پشاور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے متعدد کار خانوں کے فاضل مواد سے پھیلنے والی آلودگی کے بارے میں بھی خبردار کیا کہ وہ جلد ازجلد اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائیں تاکہ مقامی آبادی کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ کیا جا سکے۔ یہ باتیں انہوں نے بدھ کے روز پختونخوا اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پراراکین صوبائی اسمبلی میاں نثار گل کاکاخیل، احتشام جاوید، صو بیہ شاہد، شاہدہ حنیف،اور شگفتہ ملک کے علاوہ سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات اور دوسرے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔میاں نثار گل کاکاخیل نے اجلاس کو بتایا کہ ان کے علاقے میں تیل اور گیس پر کام کرنے والی کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے جلدی امراض پھیل رہے ہیں اور اس کے علاؤہ درجنوں جانور ھلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزکورہ علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی سے پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کی جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں کہ علاقے کے لوگوں کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ کمیٹی کے چیئرمین فضل الہٰی نے ایم پی اے میاں نثار گل کو بتایا کہ وہ کمیٹی کے دوسرے ارکان کے ہمراہ ان علاقوں کا دورہ کرکے وہاں کی ماحولیاتی صورت حال کا جائزہ لیں گے اور متعلقہ کمپنیوں کو انکی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

فضل الٰہی

مزید : صفحہ اول