”عالم کی مدرسے کے طلبا کو منشیات استعمال کرنے کی ہدایت“ شہریارآفریدی نے تہلکہ خیزانکشا ف کردیا

”عالم کی مدرسے کے طلبا کو منشیات استعمال کرنے کی ہدایت“ شہریارآفریدی نے ...
”عالم کی مدرسے کے طلبا کو منشیات استعمال کرنے کی ہدایت“ شہریارآفریدی نے تہلکہ خیزانکشا ف کردیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرمملکت برائے انسداد منشیات کی شہر یار آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مدرسے کے عالم کی جانب سے اپنے شاگردوں کو منشیات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

جنگ نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر مملکت اینٹی نارکوٹکس فورس شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ایک ریڈ میں انکشاف ہوا کہ اس مدرسے میں عالم نے طلبا کو کہا ڈرگ استعمال کریں اس سے حافظہ تیز ہوتا ہے۔مدارس میں منشیات کے استعمال سے متعلق شہریار آفریدی کے اس بیان پر ایوان میں خوب شور شرابا ہوا۔

دینی جماعتوں کے ارکان کی جانب سے احتجاج کیا گیاجبکہ مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی نے جھوٹ بولا ہے، یہ غلط بیانی کر رہے ہیں، وہ ایسے مدارس کو منظر عام پر لائیں ان کا نام بتائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ بات مخصوص مقاصد کے حصول کیلئے کہی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ ایک مدرسے کی وجہ سے سب کو بدنام کررہے ہیں۔ سارے مدارس کو نشانہ بنانا ٹھیک بات نہیں۔

اسعد محمود کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا عالم کے اس معاملے پر ہم وفاق المدارس سے رابطے میں ہیں، کسی مدرسے کا نام نہیں لیا، ایک عالم کی بات کی ہے، میں اس حوالے سے خبروں کی کلپنگ ایوان میں پیش کر دوں گا، نوجوانوں اور خاص طور تعلیمی اداروں میں منشیات پھیل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آگہی کے لیے زندگی ایپ لانچ کر دی ہے، تمام سکولوں اور کالجزکے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے، تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی بات چیت ہو چکی ہے، یہ ایک پارٹی یا حکومت کی بات نہیں طلباءکے والدین بھی حصہ لیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی