بالآخر حکومت نے ناراض اتحادی جماعت کو منالیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستا ن لائن)اتحادیوں کی ناراضگی سے پریشان تحریک انصاف حکومت کو آخر کارسکھ کا سانس لینے کاموقع مل گیا اور اس نے ایم کیو ایم کو منا ہی لیا۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق حکومت ایم کیوایم کو منانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ یہ پیشرفت وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کی ملاقات کے دوران ہوئی۔ملاقات سندھ میں ترقیاتی کاموں سے متعلق ہونے والے ایک اجلاس کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کو خوش آمدید کہا۔
اسلا م آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اجلاس میں بھی خالد مقبول صدیقی نے بطور وفاقی وزیرشریک ہوئے اور اپنا استعفیٰ بھی واپس لے لیا۔
یاد رہے کہ ایم کیوایم نے وزارتوں اور ترقیاتی کاموں سے متعلق وعدے پورے نہ کرنے پر حکومت سے ناراضگی کااظہارکیاتھااور خالد مقبول صدیقی نے ہی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے بھی تحفظات کااظہارکیاجاتا رہا ہے۔جس پر میڈیا میں چہ میگوئیاں سننے کو ملتی رہی ہیں۔ تاہم کئی دنوں بعد حکومت کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ حکومت ایم کیو ایم کو منانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔