دھوکہ بازوں نے مالکان سے فراری کاریں ہتھیانے کا انتہائی شاطر طریقہ ڈھونڈ نکالا

دھوکہ بازوں نے مالکان سے فراری کاریں ہتھیانے کا انتہائی شاطر طریقہ ڈھونڈ ...
دھوکہ بازوں نے مالکان سے فراری کاریں ہتھیانے کا انتہائی شاطر طریقہ ڈھونڈ نکالا

  



کیپ ٹاﺅن(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقہ میں نوسربازوں نے مالکان سے فراری سمیت دیگر مہنگی گاڑیاں ہتھیانے کا ایک انتہائی انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق فراری بنانے والی اطالوی کار ساز کمپنی نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر اس طریقہ¿ واردات کے متعلق وارننگ جاری کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوسرباز کمپنی کے ڈیلر بن کر فراری کے مالکان سے رابطہ کرتے ہیں اور انہیں بتاتے ہیں کہ گاڑی کے اس ماڈل میں ایک مینوفیکچرنگ فالٹ ہے جسے دور کرنے کے لیے اس ماڈل کی تمام گاڑیاں واپس لی جا رہی ہیں اور سروس کے بعد مالکان کو دوبارہ دے دی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق مالک نوسرباز کو واقعی کمپنی کا ڈیلر سمجھ لیتا ہے۔ فون کال کے اگلے دن ایک ٹرک مالک کے دروازے پر پہنچ جاتا ہے اوراس میں سوار جعلی ڈیلر اپنی تمام دستاویزی شناخت مالک کو پیش کرتا ہے جو کہ جعلی ہوتی ہیں۔ یوں مالک کو مطمئن کرکے وہ گاڑی ٹرک میں ڈال کر لے جاتا ہے۔ کچھ فاصلے پر جا کر گاڑی کا جی پی ایس لوکیٹر بند کر دیا جاتا ہے اور پھر کسی سروس سنٹر لیجانے کی بجائے گاڑی کو زومبیک یا دیگر کسی ہمسایہ ملک سمگل کر دیا جاتا ہے یا گاڑی کے پارٹس الگ کرکے جنوبی افریقہ میں ہی فروخت کر دیئے جاتے ہیں۔کمپنی نے اپنے فیس بک پیج کے ذریعے فراری مالکان کومتنبہ کیا ہے کہ وہ ایسے نوسربازوں سے محتاط رہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس