کورونا وائرس کے شبہ میں بھارتی شہری نے اپنی جان لے لی لیکن کیوں؟ وجہ ایسی کہ ہر آنکھ نم ہو جائے

کورونا وائرس کے شبہ میں بھارتی شہری نے اپنی جان لے لی لیکن کیوں؟ وجہ ایسی کہ ...
کورونا وائرس کے شبہ میں بھارتی شہری نے اپنی جان لے لی لیکن کیوں؟ وجہ ایسی کہ ہر آنکھ نم ہو جائے

  



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک شخص نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں پھندہ لے کر اپنی زندگی ختم کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق اس 50سالہ شخص کا نام بالا کرشنا تھا جسے شک ہوا کہ وہ خوفناک کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ اسے خدشہ تھا کہ یہ وائرس اس سے اس کی فیملی کو بھی لاحق ہو جائے گا اور سب جان سے جائیں گے، چنانچہ اس نے اپنی فیملی کو بچانے کے لیے پھندہ لے کر خودکشی کر لی۔

بالا کرشنا بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع چتور کا رہائشی تھا۔ اس کے دل گرفتہ رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ”بالا کرشنا انٹرنیٹ پر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے متعلق ویڈیوز دیکھتا تھا۔ ان ویڈیوز کی وجہ سے وہ اس وائرس کے خوف میں مبتلا ہو گیا ۔ وہ کہتا تھا کہ جو ایک بار کورونا وائرس کا شکار ہو جاتا ہے وہ کبھی نہیں بچ پاتا۔“

بالا کرشنا کے بیٹے بالا مورالی کا کہنا تھا کہ ”میرے والد کو وائرل بخار ہوا تھا، جسے وہ کورونا وائرس سمجھ بیٹھا۔ ہم اسے ہسپتال لے گئے اور ڈاکٹروں نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ مصر رہا کہ اسے کورونا وائرس ہی لاحق ہو چکا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے انڈیا میں صرف 3کیس سامنے آئے ہیں اور آندھرا پردیش میں ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا لیکن میرا باپ بضد رہا۔ دراصل وہ وائرس سے متعلق ویڈیوز دیکھ دیکھ کر ذہنی طور پر یہ مان چکا تھا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ جب ہم اسے گھر واپس لائے تو اس نے ہمیں اپنے پاس آنے سے سختی سے روک دیا کہ کہیں ہمیں بھی وائرس لاحق نہ ہو جائے۔ پھر اسی رات اس نے پھندہ لے کر خودکشی کر لی۔“

مزید : بین الاقوامی