جنوبی افریقہ کی ٹیم تین ٹی 20 میچز کھیلنے کب پاکستان آئے گی اور میچ کہاں ہوں گے؟ وسیم خان نے پاکستانیوں کو سب سے بڑی خوشخبری سنا دی

جنوبی افریقہ کی ٹیم تین ٹی 20 میچز کھیلنے کب پاکستان آئے گی اور میچ کہاں ہوں ...
جنوبی افریقہ کی ٹیم تین ٹی 20 میچز کھیلنے کب پاکستان آئے گی اور میچ کہاں ہوں گے؟ وسیم خان نے پاکستانیوں کو سب سے بڑی خوشخبری سنا دی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کیلئے بہت مثبت جواب ملا ہے تاہم رواں مہینے کے آخر میں تمام معاملات واضح ہو جائیں گے جبکہ میچز کا انعقاد راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم خان نے کہا کہ ”جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے سب بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں تاہم رواں مہینے کے آخر میں سب کچھ واضح ہو جائے گا۔ جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی سربراہ کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے ابتدائی میچز کے دوران دورہ پاکستان متوقع ہے تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ انہیں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم ہمیں لاجسٹک معاملات کو دیکھنا ہے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ”جنوبی افریقہ کی ٹیم 18 مارچ کو دورہ بھارت کا اختتام کرے گی لیکن پی ایس ایل 22 مارچ کو ختم ہو گی۔ جنوبی افریقہ کیلئے بھارت کے دورے سے واپس جا کر پھر پاکستان کا دورہ کرنا ممکن نہیں ہو گا لہٰذا اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ دورہ بھارت کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بلایا کر پریکٹس کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں یا پھر انہیں براہ راست پاکستان لا کر یہاں تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔“

وسیم خان نے کہا کہ ”لاہور اور کراچی دو ایسے شہر ہیں جہاں ساری کرکٹ کھیلی جا رہی ہے اور اس وجہ سے ان سٹیڈیمز کی وکٹیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ہمارے پاس اب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم بھی ہے اور میری سمجھ میں یہ بات آتی ہے کہ وہاں تین ٹی 20 میچز کھیلے جائیں، میں نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کو یہ تجویز دی ہے اور انہیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔“

مزید : کھیل