پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا، شیڈول تبدیل نہیں کیا جا سکتا: الیکشن کمیشن 

    پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا، شیڈول تبدیل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  کیا دو روز میں امیدواروں کی جانچ پڑتال، بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر امور طے کئے جاسکتے ہیں؟،چیف الیکشن کمشنر معاملے کو دیکھتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائیں۔تفصیلات کے مطابق  پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے پارٹی قیادت و رہنماؤں سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کو تفصیلی خط لکھ دیا۔پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں سوال کیا گیا ہے کیا دو روز میں امیدواروں کی جانچ پڑتال، بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر امور طے کئے جاسکتے ہیں؟۔خط میں کہا گیا ہے کہ پی پی جیسی وفاقی جماعت کیلئے اتنے کم وقت میں امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دینا مشکل ہے،امیدواروں کے انٹرویو،سکروٹنی دیگر عوامل شامل ہے جس کے لئے پارلیمانی بورڈ کو وقت درکار ہے،دو روز میں تمام امور کی انجام دہی ممکن نہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدوار پارٹی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے کیس رکھنے کے خواہاں ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے اجراء سے قبل امیدواروں کے انٹرویوز نہیں ہوسکتے جو لائق تحسین نہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی انسداد منی لانڈرنگ کی وجہ سے بینک اکاؤنٹس کی بھی پیچیدگیاں ہیں ایک یا دو روز میں بینک اکاؤنٹس کھلوانا بھی ممکن نہیں،امیدواروں کو تمام امور مکمل نہ کرنے کی وجہ سے الیکشن سے باہر ہونے کے خدشات ہیں۔ خط میں چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کو دیکھتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔دوسر طرف   الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے سینٹ انتخابات کے لئے  شیڈول میں تبدیلی اور وقت بڑھانے سے معذرت کر لی۔ذرائع  کے مطابق الیکشن کمیشن حکام  نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل  نیئر حسین بخاری سے رابطہ  کیا ہے۔  الیکشن کمیشن حکام  کا کہناتھا    وقت بڑھانے سے متعلق آپ کا خط موصول ہوا ہے۔سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر چکے ہیں۔اس وقت شیڈول میں تبدیلی مشکل ہوگی۔ الیکشن   کمیشن حکام کا کہناہے کہ  الیکشن کمیشن ممکنہ مشکلات کی صورت میں پیپلز پارٹی سے تعاون کریگا۔ ذرائع  کے مطابق  نیّربخاری کا جواب میں کہناتھاکہ موجودہ شیڈولز پر تحفظات ہیں،زبانی جواب کی بجائے تحریری طور پر جواب دیا جائے۔  
پیپلز پارٹی خط

مزید :

صفحہ اول -