بارسلونا کے پاکستانی قونصل خانے میں سماجی رہنما راجہ شعیب ستی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )بارسلونا کے پاکستانی قونصل خانے میں سماجی رہنما راجہ شعیب ستی کی یاد میں ادارہ ’ہم وطن‘کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے کی۔تقریب میں پہلے قونصل جنرل بارسلونا اور سابق ایمبیسڈر سید ایاز حسین شاہ بھی موجود تھے،مقررین میں محمد اقبال چوہدری،راجہ مختار سونی،راجہ شفیق کیانی،جاوید مغل،چوہدری عبدالغفار مرہانہ،چوہدری ایاز مٹھانہ،مرزا ندیم بیگ،راجہ ظفرستی اورسابق سفیر سید حسین شاہ نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ راجہ شعیب ستی ایک ہمدرد اور پاکستانی کمیونٹی کے خیر خواہ تھے اور انکی بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،وہ کمیونٹی کی خدمت کو بے لوث ہوکر سرانجام دیتے تھے۔مقررین نے کہا کہ راجہ شعیب ستی نے تدفین اور دیگر معاملات کے حوالے سے جو خدمات سرانجام دی ہیں،ان کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔تقریب میں معروف نعت خواں قدیر خان اور قاری عبدلرحمان چوہدری نے صوفیانہ کلام پیش کیا اور آخر میں دعا بھی کرائی گئی۔