شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کونوٹس جاری،کل تک جواب طلب

شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کونوٹس ...
شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کونوٹس جاری،کل تک جواب طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 47اور 48کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کونوٹس جاری  کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کرلیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق این اے 47اور 48کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواستوں پر سماعت کی،وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روکا،الیکشن کمیشن کے آرڈر کے بعد ہم مطمئن ہو گئے،آر او نے اس کے باوجود حتمی نتائج دیئے اور الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں اسٹے کا نوٹس تاحال زیرالتوا ہے؟شعیب شاہین نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے 3دن میں رپورٹ مانگی تھی،الیکشن کمیشن میں اس کیس میں بعد میں کوئی سماعت ہی نہیں ہوئی،الیکشن کمیشن نے اپنا آرڈر موجود ہوتے ہوئے نوٹیفکیشن کیسے جاری کردیا،چیف جسٹس  ہائیکورٹ نے کہاکہ ریٹرننگ افسر نے تو جو کیا وہ کیا ، الیکشن کمیشن نے کیسے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ الیکشن کمیشن آپ کی درخواست پر فیصلہ کر دیتا،درخواست منظور کرنی تھی یا مسترد، فیصلہ تو کر دیتے،درخواست مسترد کرتے تو آپ آگے کسی فورم سے رجوع کر لیتے،عدالت نے شعیب شاہین اور علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے کل تک جواب طلب کرلیا۔