’شوبز میں آنے سے پہلے گیمرتھا اور ماہانہ 10سے 15لاکھ روپے کماتا‘ارون مشیٹی نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا

’شوبز میں آنے سے پہلے گیمرتھا اور ماہانہ 10سے 15لاکھ روپے کماتا‘ارون مشیٹی ...
’شوبز میں آنے سے پہلے گیمرتھا اور ماہانہ 10سے 15لاکھ روپے کماتا‘ارون مشیٹی نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا
سورس: Instagram/achanakbayanakgamingofficial

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ارون مشیٹی بھارت کے معروف رئیلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 17کے آخری مرحلے میں پہنچنے والے پانچ امیدواروں میں سے ایک تھے، جنہیں مداحوں کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بگ باس میں پذیرائی سمیٹنے کے بعد پہلی بار ارون مشیٹی اپنی اہلیہ ملک کے ہمراہ معروف خاتون کامیڈین بھارتی سنگھ کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ شوبز میں آنے سے پہلے ایک گیمر تھے اور گیمنگ سے ماہانہ 10سے 15لاکھ روپے کماتے تھے۔
ارون نے بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کی طرح آن لائن گیمز کے بھی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں۔ ہر شہر کے اپنے کھلاڑی اور اپنی ٹیمیں ہوتی ہیں جو ان ٹورنامنٹس میں حصہ لیتی ہیں۔ ان ٹورنامنٹس میں جیتنے والے کھلاڑی یا ٹیم کے لیے 2کروڑ روپے تک کا انعام ہوتا ہے۔ ان ملکی ٹورنامنٹس کے علاوہ ہر سال ایک ورلڈ کپ بھی ہوتا ہے۔ 
ارون نے بتایا کہ اس شعبے میں گیمرز کی کوئی رینکنگ نہیں ہوتی تاہم تمام ریاستوں کے بڑے کھلاڑی ملکی مقابلوں اور ورلڈ کپ میں شرکت کرتے ہیں اوراپنی ریاست کی ٹیموں کو ٹریننگ بھی دیتے ہیں۔ ٹیمیں بھی سینئر کھلاڑیوں کی بطور کوچ خدمات حاصل کرتی ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ ایک عام گیمر ماہانہ 10سے20لاکھ روپے کما لیتا ہے۔جو ماں باپ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے بچے گیمز کھیل کر وقت برباد کر رہے ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اب ایسا نہیں ہے۔ اب آن لائن گیمز میں بھی بہت پیسہ ہے۔ اب لوگ اس شعبے میں بھی اچھا کیریئر بنا سکتے ہیں۔ارون کا کہنا تھا کہ وہ 2007ء سے آن لائن گیمنگ سے وابستہ ہیں۔

مزید :

تفریح -