وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم ہونیوالے" ڈسکوز سپورٹ یونٹ" کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے

لاہور ( طیبہ بخاری سے )وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم ہونیوالے ڈسکوز سپورٹ یونٹ کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے، متعدد بجلی چور گرفتار، نادہندگان سے لاکھوں روپے کی ریکوری بھی کرلی گئی۔
ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی سربراہی میں قائم ہونیوالے ڈسکو سپورٹ یونٹ کے قیام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ریجن بھر میں جاری آپریشن کے دوران متعدد بجلی چور پکڑے گئے جبکہ نادہندگا ن سے ریکوری بھی کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے دوران ڈسکو سپورٹ یونٹ نے4ہزار50مقامات پر بجلی کی چوری پکڑی، 2ہزار167ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے148کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں مجموعی پر 29لاکھ56ہزار 377یونٹس چارج کیے گئے جن کی مالیت 13کروڑ 92لاکھ 65ہزار441روپے روپے ہے۔
اس سلسلے میں لیسکو، پولیس اور رینجرز کی مشترکہ ٹیم نے ایڈیشنل ایس ای ڈیفنس ایسٹ کی سربراہی میں کرباتھ، موتاسنگھ اور ناتھہ سنگھ کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 23ملزمان بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، ملزمان کی لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے 9کو موقع سے گرفتار کرلیاجبکہ بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاروں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ لیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے 19کنکشنز بھی منقطع کردیئے گئے۔
آپریشن کے دوران مشترکہ ٹیم نے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے تقریباً 6لاکھ جبکہ رننگ ڈیفالٹرز سے 28لاکھ روپے کی وصولی بھی کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں، ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔