بلوچستان اسمبلی کو کچھ دن مزید”زندگی “مل گئی ، ظفراللہ جمالی کا بھی فوج بلانے کا مطالبہ ، عمران خان اور وزیراعظم کاجائے دھرنا کادورہ

بلوچستان اسمبلی کو کچھ دن مزید”زندگی “مل گئی ، ظفراللہ جمالی کا بھی فوج ...
بلوچستان اسمبلی کو کچھ دن مزید”زندگی “مل گئی ، ظفراللہ جمالی کا بھی فوج بلانے کا مطالبہ ، عمران خان اور وزیراعظم کاجائے دھرنا کادورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان اسمبلی کو کچھ دن مزید ”زندہ “رہنے کی امید پیدا ہوگئی ہے اور گورنر نے پندرہ جنوری کو اجلاس طلب کرلیاہے جبکہ ہزارہ کمیونٹی کی داد رسی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مخدوم جاوید ہاشمی کے بعد وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی علمدار روڈپر جاںبحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے میں پہنچ گئے ہیں ،سابق وزیراعظم ظفراللہ جمالی نے بھی کوئٹہ کو فوج کے سپردکرنے کا مطالبہ کردیاہے۔وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر گورنر بلوچستان نے 15جنوری کی شام چار بجے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیاہے ۔نجی چینل کے مطابق اجلاس میں بلوچستان امن وامان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور ہزارہ کمیونٹی کی قتل و غارت پر تفصیلی تبادلہ خیال کا امکان ہے ۔ عمرا ن خان نے دھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی پر ظلم کرنے والے مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان ۔ عمران خان نے صوبائی حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پورا پاکستان لواحقین کے دکھ درمیں برابر کا شریک ہے ۔ اُن کاکہناتھاکہ طاہرالقادری ٹھیک بات کررہے ہیں ، اگرحکومت چاہے تو دہشتگردی نوے دن میں ختم ہوسکتی ہیں لیکن یہاں کرپٹ ترین آدمی کو وزیراعظم بنادیاگیاہے ،ظلم پر انصاف ہر صورت میں فراہم کیاجائے۔اُن کاکہناتھاکہ بلوچستان حکومت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ، صوبے میں فوری گورنر راج لگایاجائے۔سابق وزیراعظم ظفراللہ جمالی نے کہاکہ کوئٹہ میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے ، عوام دہشتگردوں کے رحم وکرم پر ہیں اور اُنہوں نے کوئٹہ کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ اور محمد عمر گورگیج کے ہمراہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بلوچستان کی صورتحال پر خصوصی اجلاس کے بعد علمدار روڈپر پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ہزارہ کمیونٹی سے اظہار تعزیت اور اُن کے تحفظات دورکرنے کی کوشش کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیرقانون فاروق ایچ نائیک سے رابطہ کیاہے اور اُنہیں گورنر راج لگانے اور شہرکو فوج کے حوالے کرنے پر قانونی رائے دینے کی ہدایت کردی ۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد خیال کیاجارہاتھاکہ بلوچستان اسمبلی تحلیل کرکے گورنر راج نافذ کردیاجائے گا۔