پاکستانی دھرتی میوزک میں بہت زرخیزہے،مسکان جے
لاہور(فلم رپورٹر)معروف گلوکارہ ،اداکارہ و ماڈل مسکان جے نے”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے شوبز میں بہترین وقت گزارا ہے‘سینکڑوں گیت، ملی نغمے گائے اور فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے‘میں نے ہمیشہ اپنے سینئرزکی عزت کی اورجونئیرفنکاروں کی حوصلہ افزائی۔ یہی وجہ ہے کہ سب لوگ اتنا وقت گزرجانے کے بعد بھی مجھ سے محبت کرتے ہیں۔مسکان جے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دھرتی میوزک کے شعبے میں بہت زرخیزہے۔ ہمارے ملک کے معروف گلوکاروں نے اپنی عمدہ گائیکی سے پاکستان کا نام روشن کیااوراب نوجوان گلوکاربھی اسی طرح بہترین کام کررہے ہیں۔بھارتی فلموں کام کرنے کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔مجھے گزشتہ دنوں نثار کھوڑو نے میری کامیابیوں کے صلے میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے ایورڈ کسی بھی فنکار کے لئے سب سے بڑی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔