عید میلاد النبی ﷺ : خیبرپختونخواہ اور کوئٹہ میں موبائل فون سروس معطل، سندھ حکومت کی کراچی سمیت 13 اضلاع میں سروس معطل کرنے کی درخواست
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عید میلاد النبی کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخواہ حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق 12 ربیع الاول کے دن نکلنے والے جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ بلوچستان حکومت نے بھی 12 ربیع الاولﷺ کے موقع پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ کے مطابق 12 ربیع الاول ﷺ کے موقع پر کوئٹہ بھر میں صبح سات سے شام سات بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ حکومت سندھ نے بھی کراچی سمیت 13اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہنے کا عندیہ دے دیا ہے اور اس ضمن میں محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی حکومت کو درخواست دے دی ہے۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں کراچی سمیت 13 اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ حتمی فیصلہ پیر کو کسی وقت کرے گی تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں موبائل سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح دوسرے صوبوں میں بھی غور جاری ہے اور حتمی فیصلہ کا اعلان باقی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزارت داخلہ نے موبائل فون بندش سے متعلق صوبوں سے درخواستیں موصول ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے درخواستیں ملنے کے بعد حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل موبائل فون سروس بند کرنے پر غور کیا جا رہا تاہم اس سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔