راجر فیڈرر 1000 فتوحات حاصل کرنیوالے تیسرے کھلاڑی بن گئے

راجر فیڈرر 1000 فتوحات حاصل کرنیوالے تیسرے کھلاڑی بن گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 برسبین (سپورٹس ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے کیریئر کی ہزار فتوحات مکمل کر لیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ فیڈرر نے برسبین انٹرنیشنل ٹینس مینز سنگلز فائنل جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ انٹرنیشنل ٹینس تاریخ میں زیادہ فتوحات حاصل کرنے کا عالمی اعزاز جمی کونرز کو حاصل ہے۔ انہوں نے 1253 کامیابیاں حاصل کر رکھی ہیں۔ ایوان لینڈل 1071 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ برسبین، آسٹریلیا میں کھیلے گئے برسبین انٹرنیشنل ٹینس مینز سنگل فائنل میں فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلوس راؤنک کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے کیریئر کی ہزار فتوحات بھی مکمل کیں۔ فیڈرر نے اب تک 17 گرینڈ سلام ٹائٹلز سمیت 83 اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز بھی جیت رکھے ہیں۔ فیڈرر نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کیریئر کی ہزار فتوحات مکمل کرنا اعزاز کی بات ہے، میں اس خوشی کو الفاظ میں بیاں نہیں کر سکتا، عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر فخر ہے اور میری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں مزید فتوحات اپنے نام کر کے ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹائٹلز جیتوں۔