ملکی سالمیت پر سیاستدانوں کا انگلیاں اُٹھانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ، صبیحہ المشرقی

ملکی سالمیت پر سیاستدانوں کا انگلیاں اُٹھانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ...

لاہور (پ ر)آج مقدس مادروطن کی تقسیم کی باتیں کھلے عام جلسوں میں کرنا پھر ان بیانات پر پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے سیاسی اکھاڑوں میں بیٹھ کر بحث مباحثے کرانا ملک کی سالمیت پر انگلیاں اٹھانا اور ملکی مفادات کو بلائے طاق رکھ اپنے اقتدار اور پارٹی مفادات کے تحفظ میں ملک توڑنے کی باتیں کرنا پاکستان کے ان سیاہ کار لیڈروں کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ان خیالات کا اظہار قائد خاکسار تحریک ڈاکٹر صبیحہ المشرقی نے خاکسار تحریک کے محرک ثانی حمید الدین المشرقی کی پانچویں برسی کے موقع پر حمید المشرقی تجدید عہد کانفرنس کے مندو ب اور خاکساران پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کہے۔ پاکستان آج 68سال کا ہو گیا ہے مگر اب اس خود فریبی کے ساتویں عشرے کے اختتام کے قریب آتے وقت چمکتے ہوئے خوابوں نے آنکھوں کوجھلسا کے رکھ دیا ہے خواب کو تو درکنار لوگ اپنے سامنے کا کوئی منظر دیکھنے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے ۔خاکسار تحریک کی خاتون رہنما نے مزید اپنے پر مغز خطاب میں کہامملکت خداداد میں ابھی حال ہی میں تھر کے علاقے میں 700(سرکاری اعداد و شمار) سے زائد انسان بھوک کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے 3کروڑ90لاکھ سے زائد انسانوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں نام نہاد آزادی کے وقت 5000کیوبک فی کس پانی میسر تھا۔ آج 2015میں یہ کم ہو کر صرف 1500کیوبک فی کس رہ گیا ہے 8کروڑ سے زیادہ لوگوں کو24گھنٹوں میںبمشکل ایک دفعہ کھانا نصیب ہوتاہے۔قائد تحریک کے علاوہ کانفرنس کے شرکاءسے نائب قائد تحریک انجینئر نثار خان ،ضیغم المشرقی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ، معتمد خصوصی ،قاسم الکریم ،ڈاکٹر بشیر اختر، خاکسار علی حیدر ،افنان ملک ، خاکسار اقبال عابد ، خاکسار یونس بھٹی ، خاکسار عبد الستار اختر آبادی ، خاکسار عابد ضیاء،خاکسار مصطفیٰ جٹ، خاکسار شوکت جٹ، خاکسار شبیر سندھو، خاکسار ملک شہباز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4