نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام دوروزہ سیرت النبیﷺکانفرنس آج شروع ہو گی
لاہور(پ ر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تقریبات عید عید میلاد لنبیﷺکے سلسلے میں دو روزہ سیرت النبیﷺ کانفرنس کا آغاز آج بروز منگل 10:30 بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہورمیں ہو رہا ہے۔ اس اہم کانفرنس کا موضوع ’’سیرت نبوی کی روشنی میں قومی یکجہتی کی ضرورت‘‘ ہے جس کی صدارت چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کریں گے۔ کانفرنس میں وطن عزیز کے نامور مشائخ عظام‘ جید علمائے کرام اور اہل علم ودانش نبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کریں گے اور ملکی حالات کے تناظر میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت اور اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ تقریبات کی استقبالیہ کمیٹی میں تحریک پاکستان ورکر زٹرسٹ کے چیئرمین کرنل (ر) جمشید احمد ترین‘ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈینیٹر میاں فاروق الطاف‘ جسٹس (ر) آفتاب فرخ‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ذوالفقار علی خان‘ چوہدری نعیم حسین چٹھہ اور ولید اقبال ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ عید میلاد النبیﷺ کی ان تقریبات کا انعقاد تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔کانفرنس کے پہلے روز کے مہمان خاص آستانہ عالیہ چورہ شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی ہوں گے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد کلیدی خطاب کریں گے۔دوسرے روز 14 جنوری بروز بدھ کو وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس محترم میاں محبوب احمد اور آستانہ عالیہ شرقپور شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ ولید احمد جواد شرقپوری مہمانان خاص ہوں گے۔ اس موقع پر معروف مذہبی سکالر علامہ احمد علی قصوری‘ ممتازماہر قانون جسٹس (ر) منیر احمد مغل‘ جسٹس (ر) نذیر احمد غازی‘ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد‘ مولانا امیر حمزہ‘ سینیٹر پروفیسر ساجد میر‘ مولانا محمد بخش کرمی‘ علامہ شہزاد احمد مجددی اور علامہ عبدالقدوس درّانی خطاب کریں گے۔