فنڈز جاری نہ ہونے پرٹاؤنوں میں ترقیاتی کام شروع نہ ہو سکے

فنڈز جاری نہ ہونے پرٹاؤنوں میں ترقیاتی کام شروع نہ ہو سکے

لاہور(جاوید اقبال) صوبائی د ارالحکومت کی 9ٹاؤن میونسپل کونسلوں کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں ہو سکے ، 7ماہ گزرنے کے باوجود شہر میں ٹاؤنوں کی انتظامیہ ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کر سکی ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے لئے ہر ٹاؤن کے اندر ایک شعبہ آئی اینڈآر ایس موجود ہے جس کا سربراہ ٹاؤن آفیسر آئی اینڈ ایس آر اور اس کے ماتحت کئی کئی سب انجینئر ایس ڈی او سمیت ملازمین کی فوج ظفر موج موجود ہے جو ہاتھوں پر ہاتھ رکھ کر ’’فارغ‘‘ بیٹھے ہیں اس شعبہ کا کام ہر ٹاؤن کے اندر بجٹ میں رکھی گئی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنا ہے مگر گزشتہ 7ماہ سے ٹاؤنوں کو ترقیاتی فنڈز جاری ہو سکے نہ ٹاؤنوں نے اپنی ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت فنڈز جمع کئے ہیں، ہر ٹاؤن نے رواں مالی سال 2014-15کے لئے سینکڑوں ترقیاتی سکیمیں جاری کیں جن میں ٹاؤن کی حدودمیں سڑکوں کی تعمیر، گلیاں نالیاں پختہ کرنا، سیوریج کے منصوبے، سٹریٹ لائٹس لگانا سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل تھے مگر اسی سال کے 7ماہ گزرنے کے باوجود ٹاؤنوں کو سکیمیں مکمل کرنے کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے گئے اور نہ ہی ٹاؤنوں نے اپنی آمدن سے سکیمیں شروع کی ہیں بتایا گیاہے کہ ٹاؤن مقرر کئے گئے ریونیو کے ہدف بھی پورے نہیں کر سکے جس سے ایک بھی ترقیاتی سکیم پر کام شروع نہیں ہو سکا اور اسی صورتحال کے باعث ہر ٹاؤن کو حدود میں 70فیصد سڑکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اس حوالے سے کمشنر لاہور عبداللہ سمبل سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ معاملات کا علم نہیں جو ٹاؤن اپنا ریونیو ہدف پورا نہیں کر سکے ان سے جواب طلب کیا جائے گا ڈی سی او کو ہدایت کی جائے گی کہ سکیمیں شرع کر دیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1