افغان صدر نے 25 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا 3 خواتین بھی شامل

افغان صدر نے 25 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا 3 خواتین بھی شامل

                      کابل(اے این این) افغان صدر اشرف غنی نے تین ماہ کی تاخیر کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کردیا،25 رکنی کابینہ میں تین خواتین بھی شامل، جنرل شیر محمد کریمی کو وزیر دفاع ،صلاح الدین ربانی کو وزیر خارجہ اور غلام جیلانی پوپل کو وزیر خزانہ نامزد کیا گیا ہے۔ پیر کو افغان صدر کے چیف آف سٹاف عبدالسلام رحیمی نے کابل میں ہونے والی ایک تقریب میں 25 رکنی کابینہ کا اعلان کیا۔ نئی کابینہ میں افغان نیشنل آرمی کے چیف آف سٹاف جنرل شیر محمد کریمی کووزیردفاع، غلام جیلانی پوپل کو وزیر خزانہ، نور الحق علومی کووزیر داخلہ، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے قریبی ساتھی صلاح الدین ربانی کو وزیر خارجہ نامزد کیا گیا ہے۔ کابینہ میں تین خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر افغان صدر کے چیف آف سٹاف عبدالاسلام رحیمی نے کہاکہ کابینہ کے ارکان کے نام اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے ۔تقریب میں صدر اشرف غنی بھی موجود تھے تاہم انہوں نے خطاب نہیں کیا۔ واضح رہے کہ اشرف غنی نے 29ستمبر2014ءکو اپنا عہدہ سنبھالا تھا تاہم صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان سیاسی چپقلش کے باعث کابینہ کی تشکیل کا عمل تاخیر کا شکار ہوا۔

افغان کابینہ

مزید : صفحہ آخر