معذور افراد کی فلاح وبہبودکے لئے حکومت پنجاب کے مؤثراقدامات

معذور افراد کی فلاح وبہبودکے لئے حکومت پنجاب کے مؤثراقدامات
 معذور افراد کی فلاح وبہبودکے لئے حکومت پنجاب کے مؤثراقدامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

معاشرہ افراد سے تشکیل پاتا ہے اور خصوصی و معذور افراد بھی معاشرے کا ایک جزو ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ بعض جسمانی و ذہنی نعمتوں سے محروم یہ افراد زندگی کی تلخ حقیقتوں کا جس جہدمسلسل سے سامنا کرتے ہیں یہ ان کی عزم و ہمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خصوصی اور معذور افراد کی بحالی اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں جہاں پورے معاشرے کا اہم کردار ہوتا ہے وہاں ریاست اور حکومت پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسے افراد کو ایسی سہولیات بہم پہنچائے جو انہیں معاشرے کا کارآمد اور مفید فرد بنانے میں ممدو معاون ثابت ہوں۔پوری دنیا اور ترقی یافتہ معاشروں میں خصوصی اور معذور افراد کو اعلیٰ درجے کی شہری سہولیات بہم پہنچائی جاتی ہیں۔ ان کے سفر کیلئے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں۔ سماجی سطح پر بھی ان افراد سے ایسا برتاؤ اور سلوک روا رکھا جاتا ہے جو انہیں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے بہترین استعمال کا بھرپور موقع فراہم کرتا ہے۔

پنجاب حکومت بھی معذور اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور انداز میں کوشاں ہے اور اس نے اس ضمن میں متعددمؤثر اقدامات کئے ہیں جن کا مقصد معذورافرادکو ایسی سہولیات فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ خود کو معاشرے کا ایک کارآمد شہری تصور کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرسکیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال نے معذور افراد کیلئے ملازمتوں کے کوٹے کو 2سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا ہے اور اس 3فیصد کوٹہ کے تحت 3400سے زائد آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔ 1700سے زائد معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاچکی ہے جبکہ 1800سے زائد معذور افراد کی سرکاری ملازمتوں پر تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس ضمن میں خصوصی بات یہ ہے کہ 950نابیناافراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 721اعلیٰ تعلیم یافتہ معذور افراد کیلئے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر معذور افراد کو سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 10سال کی خصوصی رعایت بھی فراہم کی گئی ہے اور اب تک 26000نابیناافراد کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت اگرچہ ہر قسم کی معذوری کا شکار افراد کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے لیکن نابینا افراد کی بحالی کیلئے 13اضلاع میں Low Vision Rehabilitation Centresکے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔معذورافراد میں18ہزارخدمت کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں نہ صرف معذور افراد کیلئے تعلیمی اخراجات کا خاتمہ کیا گیا ہے بلکہ ان کیلئے M.Philاور Phdکی ایک ایک نشست بھی مختص کی گئی ہے۔ معذور افراد کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے اوران کیلئے ہرطرح کی سفری سہولت میں 50فیصد تک کرائے میں کمی کی گئی ہے۔


معذور افراد کیلئے اگرچہ پنجاب حکومت کے درج بالا اقدامات بہت مؤثر ہیں لیکن ان افراد کی مالی معاونت، بحالی و فلاح، مفت تربیت اور انہیں بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے جس منفرد اور عظیم الشان پروگرام کا چند روز قبل آغاز کیاگیا ہے وہ ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ ہے۔’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پروگرام سے صوبے بھر کے 2 لاکھ مستحق خصوصی افراد مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے تحت مستحق خصوصی افراد کو 3600 روپے سہ ماہی دیئے جائیں گے اور رقوم کی ادائیگی کیلئے ایسا باوقار طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے جس سے ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ مستحق خصوصی افراد بینک آف پنجاب کی شاخوں یا ATM مشینوں سے رقوم حاصل کر سکیں گے۔ خصوصی افراد بھی عام شہریوں کی طرح عظیم پاکستانی ہیں اور ان کے دل میں بھی وطن کی تڑپ اور معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے اس کا بوجھ بانٹنے کا جذبہ اور لگن موجود ہے۔ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی معاونت کرنا معاشرے اور ریاست کا فرض ہے اور اسی عظیم مقصد کو پیش نظر رکھ کر پنجاب بھر میں خدمت کارڈ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی افراد کوہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کے شاندار پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو معاشرے کا باوقار، خودمختار اور اہم رکن بنانے میں مدد ملے گی۔ پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو فنی تربیت دی جائے گی اور بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کے تاریخی پروگرام کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خصوصی افراد کی نشستوں پر جا کر ان میں خدمت کارڈز تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ’’پنجاب خدمت کارڈ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال اور مفیدرکن بنانے کیلئے ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ پروگرام پورے پنجاب میں شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کو اگر تکنیکی، فنی اور ووکیشنل تربیت سے آراستہ کیا جائے تو وہ معاشرے کیلئے کارآمد اور مفید ثابت ہو سکتے ہیں اور معاشرے کے دکھ درد بانٹنے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کے ذریعے ہم خدانخواستہ ہاتھ پھیلانے والوں کی فوج ظفر موج تیار نہیں کر رہے بلکہ اس پروگرام کے ذریعے خصوصی افراد کی مالی معاونت اور فنی تربیت کے ذریعے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کما سکیں جس سے ان کی عزت و توقیر میں بھی اضافہ ہوگا اور وہ عملی طور پر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے، ’’پنجاب خدمت کارڈ‘‘ کے ذریعے خصوصی افراد کا پورا خیال رکھا جائے گا اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ہرممکن تعاون اور اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز پنجاب کے 9 ڈویژن اور 36 اضلاع میں بیک وقت کر دیا گیا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے نہایت شفاف طریقے سے خصوصی افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خصوصی افراد کو خدمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد کی ادائیگی کیلئے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور یہ تمام عمل انتہائی شفاف انداز میں ہوگا جس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے پروگرام کے ذریعے دکھی انسانیت کے سر پر دست شفقت رکھا گیا ہے اور یہ بہت عظیم مقصد ہے جس کی تلقین قرآن مجید نے بھی کی ہے اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات بھی یہی ہیں۔ خودروزگار سکیم کے تحت مستحق افراد کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس انقلابی پروگرام سے صوبے کے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ اب تک 8 لاکھ گھرانوں میں 16 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جن کی وصولی 99.9 فیصد ہے۔ یہ ایسے پروگرام ہیں جو اس عزم، قوت، جذبے اور سوچ کی عکاسی کرتے ہیں کہ اگر ہم کچھ کرنا چاہیں تو پہاڑ جیسی رکاوٹیں بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہو سکتیں۔ مسلسل محنت اور جدوجہد سے اپنے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

یہ امرخوش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں معاشرے کے اہم ترین افراد کی نگہداشت اور مالی معاونت کے شاندار پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ میں معذور افراد کی بحالی کا مرکز بن چکا ہے جبکہ محمد شہبازشریف ہسپتال، بیدیاں روڈ لاہور میں بھی مرکز برائے بحالی جسمانی معذوراں قائم ہو چکا ہے۔ پنجاب حکومت اس طرح کے مراکز دیگر شہروں میں بھی بنائے گی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے خصوصی افراد کی معاونت کیلئے عظیم پروگرام کا اجراء کیا ہے۔ پنجاب میں خصوصی افراد کیلئے خدمت کارڈ پروگرام کا اجراء خوش آئند ہے اوروزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے جو تاریخی قدم اٹھایا ہے دوسرے صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔

مزید :

کالم -