وزیراعظم تمام برآمدی شعبوں کو مراعاتی پیکیج دیں‘ لاہور چیمبر

وزیراعظم تمام برآمدی شعبوں کو مراعاتی پیکیج دیں‘ لاہور چیمبر

لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ مراعاتی پیکیج کا دائرہ کار ایکسپورٹ سے وابستہ تمام سیکٹرز تک بڑھائیں اور اس سلسلے میں چھوٹی انڈسٹریز کو ترجیح دیں ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مراعات کے اعلان سے ملکی برآمدات پر بڑے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور ان میں تین ارب ڈالر کے لگ بھگ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاٹن کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل میں کمی آئے گی جو بہت خوش آئند ہے کیونکہ یہ نہ صرف ملک کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہے بلکہ روزگار کی فراہمی میں بھی اس کا بہت بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے موجودہ اعداد و شمار مایوس کن ہیں۔ جولائی سے دسمبر 2016ء کے دوران 9.912ارب ڈالر رہا جو اْس سے گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران 10.306ارب ڈالر تھا۔ عبدالباسط اورناصر حمید خان نے کہا کہ انسینٹو پیکیج ایکسپورٹ سے وابستہ تمام صنعتوں کو دیکر قلیل عرصہ میں برآمدات تین گنا تک بڑھائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے فوڈ انڈسٹری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس شعبے کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں تو یہ شعبہ ملک کے لیے انتہائی قیمتی زرمبادلہ لاسکتا ہے۔ اسی طرح چاول، پھلوں و سبزیوں، فرنیچر، سیمنٹ، ٹائلز، ماربل، سافٹ ویئر اور لائیوسٹاک کے شعبوں کے لیے بھی انسینٹو پیکیج متعارف کرواکر بھاری معاشی فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

مزید : کامرس