پی ٹی آئی کے قصور میں جلسہ عام کی آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا فالو اپ اجلاس
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے 22جنوری کو قصور میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کی آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا فالو اپ اجلاس ندیم ہارون کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں خورشید محمود قصوری ، سردار طالب نکئی ، راؤ مظہر حیات، بختیار قصوری اور راؤ شاہد قیوم کے علاوہ کمیٹی کے دیگر ممبران نے مختلف امور پر اپنی آراء کا اظہار کیا پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے اس اجلاس میں خصوصی طورپر شرکت کی اور ماضی کے جلسوں کے حوالے سے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پنڈال ،سکیورٹی ،سٹیج اور دیگر امور کیلئے ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق رائے ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ خواتین انکلوژر کیلئے بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
اسی طرح عمران ٹائیگر اور ٹائیگرس فورسز کو بھی 22جنوری کے قصور کے جلسے میں خصوصی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ۔
دریں اثناء پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے ویڈیو لنک پر سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیر خان ترین سے اجلاس میں شرکت کی اور قصور کے جلسے سمیت اہم پارٹی امور پر مشاورت کی گئی اور بالخصوص سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع کے پارٹی کے تنظیمی امور زیر بحث آئے عبدالعلیم خان نے بتایا کہ وہ عنقریب مختلف ضلعوں کا دورہ کریں گے اور حالیہ ملاقاتوں کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا انہوں نے جہانگیر ترین کو سنٹرل پنجاب کے اضلاع میں تحریک انصاف کی تنظیمی سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی ۔