حکومت معاشی ترقی کے جو جھوٹے دعوے کر رہی ہے وہ خطرناک ہیں،خالد پرویز
لاہور (کامرس رپورٹر) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے ملک کی دن بدن بگڑتی معاشی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کے جو جھوٹے دعوے کر رہی ہے انتہائی خطرناک ہیں۔ حکومتی معاشی پالیسیوں نے تجارت، صنعت اور مینوفیکچرنگ کا دھڑن تختہ کر دیا ہے۔ بینک ٹرانزیکشن پر وِد ہولڈنگ ٹیکس نے ہر شعبۂ تجارت کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ عجب تماشہ ہے کہ تاجروں کے اپنے پیسوں کو بینکوں میں رکھنے یا نکالنے پر کٹوتی کرکے معیشت میں بہتری کی اُمید رکھی جا رہی ہے۔ حکومت کے اس ظالمانہ ٹیکس کے ہولناک نتائج سامنے آرہے ہیں بینکنگ سیکٹر تباہ ہو رہا ہے ہنڈی و حوالہ کا کام بڑھ رہا ہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سب اچھے کی گردان کر رہے ہیں۔
وہ تاجروں کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔خالد پرویز نے کہاکہ وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے لیے تحریک کا آغاز فیصل آباد سے ہو چکا ہے جلد ہی تحریک پورے ملک میں پھیلا دی جائے گی اور اس ظالمانہ ٹیکس کو ختم کروا کر ہی دم لیں گے۔