حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے نظام کو آلودہ کر دیا ہے،جمشید اقبال
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے تنخواہیں اورمراعات لینے والی وزراء کی فوج ظفر موج کا پانامہ زدہ حکمرانوں کے دفاع پر مامور ہونا بد یانتی کی آخری حد ہے ،قوم کو اب اپنی آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچنا ہوگا وگرنہ ہمارے پاس پچھتانے کے سوا کچھ نہیں بچے گا ۔ پارٹی دفتر میں کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے نظام کو آلودہ کر دیا ہے۔
جس کے ہمارے معاشرے میں انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کسی چیز کی کمی نہیں اور وہ شخص دنیا کے کسی بھی ملک میں پر سکون زندگی گزار سکتا ہے ۔
۔ لیکن اس کے باوجود عمران خان نے پسے ہوئے طبقات کو جابر حکمرانوں کے چنگل سے آزاد کرانے کیلئے میدان عمل میں نکلنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہاں دیر ضرور ہے لیکن اندھیر نہیں اور انشا اللہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب حق اور سچ کی فتح ہو گی او رظالم حکمران احتساب کے کٹہرے میں ہوں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ قوم کو اب بیدار ہونا ہوگا اوراگر اب بھی ایسا نہ ہوا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی اور ہم موجودہ حکمرانوں کے غلام ہی رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماچس کی ڈبی پر بھی ٹیکس دیتے ہیں لیکن انہیں صحت ، تعلیم سمیت ایک بھی بنیادی سہولت میسر نہیں ۔ نواز شریف اور شہباز شریف کئی دہائیوں سے پنجاب کے سیاہ و سفید کے مالک ہیں لیکن ان کا یہ کہنا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ابتر نظام دیکھ کر دکھ ہوتا ہے مضحکہ خیز اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔