دوبئی نہ بھجوانے پر خاتون نے لڑکے کو تھانہ میں بند کروادیا
لاہور(نامہ نگار )بیٹی کو دوبئی نہ بھجوانے پر شہانہ نامی خاتون نے مناواں کی ریحانہ کوثر کو ہراساں کرنے کے لئے اس کے بیٹے عظیم فاروقی کو تھانے میں بند کرادیا، ریحانہ کوثر نے بیٹے کومبینہ طور پر ایک لاکھ روپے دے کر رہائی دلوائی۔ایڈیشنل سیشن جج سرفراز اختر کی عدالت میں ریحانہ کوثر اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئی جہاں اس نے اپنے بیٹے عظیم فاروقی کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بیٹے نے شہانہ کو مکان گروی دیا جس نے اس کی بیٹی کو دوبئی بھیجنے کاجھانسہ دیا، انکار پر شہانہ نے اسے ہراساں کرنا شروع کردیا،گھر میں پولیس اہلکاروں کو بلا کر اس کو دھمکیاں دی جانے لگی۔
بعد میں اس نے اس کے بیٹے عظیم فاروقی کو مناواں پولیس کے حوالے کردیاجبکہ پولیس نے 5روزتک اس کے بیٹے کوحراست میں رکھا،مبینہ طور پرایک لاکھ روپے دینے پر جان چھوٹی،عدالت نے ریحانہ کوثر کے بیان اور وکیل کے دلائل کے بعد مذکورہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔