رقم خردبرد کیس، ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ
لاہور(نامہ نگار )جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہری کے اکاونٹ سے ایک کروڑ 20لاکھ روپے کی رقم 29چیکوں کے ذریعے دوسرے شہروں میں منتقل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کی عدالت میں ایف آئی اے نے مغلپورہ کے رہائشی ملزم عمران نور کو پیش کیا، ایف آئی اے کے انسپکٹر میاں اجمل نے عدالت کو بتایا کہ شہری ساجد حیدر لودھی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اور ملزم سے دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم کا شناختی کارڈ نامعلوم ملزموں نے استعمال کر کے مدعی مقدمہ کے اکاونٹ سے 29چیکوں کے ذریعے ایک کروڑ 20لاکھ کی رقم گلبرگ، فیصل آباد، کراچی، سیالکوٹ، راولپنڈی اور ملتان منتقل کی اور تفتیش میں ملزم گنہگار نہیں پایا گیا ،ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے، عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ مقدمہ کا چالان 26جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔