نیا پاکستان بیانات نہیں اقدامات سے بنے گا
لاہور(جنرل ر پو ر ٹر ) پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے بنے گا پوش علاقوں کے سکولوں کے لیے نئی بسیں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص اربوں روپے کے فنڈز جنوبی پنجاب میں خرچ کرنے کی بجائے لاہور کینال روڈ پر خرچ کرنے کی منظوری دی جارہی ہے جس سے جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب کی حق تلفی نہ کریں اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور،مظفر گڑھ، بہاولپور، بہاولنگر،رحیم یار خان کے سکولوں ،ہسپتالوں اور روڈز کی تعمیر کے فنڈز لاہور میں نہ خرچ کیے جائیں کیونکہ لاہور ہی پورا پنجاب نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ عوام اب نیا پاکستان بنانیوالوں کے نعروں پر یقین نہیں کرینگے کیونکہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ کیا تھا لیکن ساڑھے تین سال میں بھی لوڈ شیڈنگ تو کم نہ ہوسکی ہاں اس کے دورانیہ میں مزید اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اگر لاہور کینال کی توسیع چاہتی ہے تو اس کیلئے فنڈز بجٹ میں مختص کریں اگر جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور میں لگائے جاتے رہے تو پھر جنوبی پنجاب میں دھول ہی اڑے گی۔