آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر، قومی ٹیم کی تیاریاں عروج پر

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر، قومی ٹیم کی تیاریاں عروج پر

لاہور(اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور جلد ہی ویمن ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور مینجمنٹ کے دیگر اراکین کی تقرری کردی جائے گی۔ ہیڈ کوچ کیلئے کبیر خان مضبوط ترین امیدوار ہیں جبکہ چیف سلیکٹر کیلئے محمد الیاس کا نام لیا جا رہا ہے ۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر 7 سے 21 فروری تک سری لنکا کے چار مختلف وینیوز میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹیموں کو دو مختلف گروپوں اے اور بی میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں ایشین چیمپیئن بھارت، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے، تھائی لینڈ جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہر سائیڈ پہلے راؤنڈ میں چار میچز کھیلے گی پھر ہر گروپ کی ٹاپ تھری ٹیمیں سپر سکس مرحلہ میں شرکت کریں گی اور پھر سپر سکس کی ٹاپ چار ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرجائیں گی۔ ویمن ورلڈ کپ 26 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم پانچ فروری کو سری لنکا کے خلاف اپنا وارم اپ میچ کھیلے گی۔ اعلان کردہ 14 رکنی قومی ویمن ٹیم میں کپتان ثناء میر، نائب کپتان بسمعہ معروف، جویر یہ ودود، عائشہ ظفر، ناہیدہ بی بی، سیدہ نین عابدی، سدرہ امین، وکٹ کیپر سدرہ نواز، عالیہ ریاض، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، انعم امین، ایمان انور، ماہم طارق اور دو سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں رابعہ شاہ اور نتالیہ پرویز شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی