ویلنگٹن ٹیسٹ،بنگلہ دیش کے پہلے روز 3 وکٹوں کے نقصان 154 رنز

ویلنگٹن ٹیسٹ،بنگلہ دیش کے پہلے روز 3 وکٹوں کے نقصان 154 رنز

ویلنگٹن(اے پی پی) نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے۔ بارش کی وجہ سے 40.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ تمیم اقبال نے نصف سنچری سکور کی، مومن الحق 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بیسن ریزور، ویلنگٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے سبھاش رائے اور تسکین احمد کو ٹیسٹ کیپ دی۔ بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 16 کے مجموعی سکور پر گئی جب امرالقیس ایک رن بنا کر ٹم ساؤدی کی گیند پر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تمیم اقبال نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ 145 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ گر گئی جب محمود اللہ 26 رنز بناکر نیل ویگنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، 42 ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بارش شروع ہوگئی، خراب موسم اور کم روشنی کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا، اس طرح پہلے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے، مومن الحق 64 اور شکیب الحسن 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی