سجاد احمد ڈار کی یادیں

سجاد احمد ڈار کی یادیں
 سجاد احمد ڈار کی یادیں

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

شہراقبال کی ہردلعزیزسیاسی وسماجی شخصیت اوربزنس مین سجاد احمد ڈار چند روز قبل ہم سب کو چھوڑ خالق حقیقی سے جاملے ۔وہ سابق تحصیل ناظم امتیاز الدین ڈار(مرحوم )کے چھوٹے بھائی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعمرڈاراورعثمان ڈارکے چچاتھے ۔مرحوم انتہائی ملنسار اورجذبہ خدمت خلق سے سرشارانسان تھے ۔سیاسی لحاظ سے ان کاتعلق تحریک استقلال سے تھا اور انکا شمار ائیر مارشل (ر) اصغر خان کے انتہائی معتمد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ تادم آخرصدرتحریک استقلال صوبہ پنجاب کے طورپراپنی گرانقدرسیاسی خدمات سرانجام دیتے رہے ۔اپنے سیاسی کئیرئیر کے دوران انہوں نے قید و بندکی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔اُن کے غیرمعمولی سیاسی قدکاٹھ کی بناپر1977 ؁ء میں ذوالفقارعلی بھٹوکی حکومت کے خلاف چلنے والی ’’تحریک نظام مصطفیؐ‘‘ میں 9 جماعتی اتحاد کا ضلعی صدر مقرر کیا گیا

سجاد احمد ڈار (مرحوم )کی ولولہ انگیز قیادت میں 9 جماعتی اتحاد نے ضلع سیالکوٹ میں مثالی کردار ادا کرکے تحریک نظام مصطفےٰ ؐ کوکامیابی سے ہمکنار کرانے کے سلسلہ میں نمایاں اورمثالی کردار ادا کیا۔ سجاد احمد ڈار کے زیر قیادت 20مئی 1977 ؁ء کو سیالکوٹ شہرمیں نکالے گئے تاریخی جلوس پرحکومت وقت کے ایماء پر ایف ایس ایف کی بلا جواز اور بہیمانہ فائرنگ کے نتیجہ میں سیالکوٹ میں قومی اتحاد کے سات نوجوان ورکروں نے چوک علامہ اقبال میں جام شہادت نوش کیااورسچ پوچھئے توانہی شہداء کاخون رنگ لایااورتحریک نظام مصطفی ؐکامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ علاوہ ازیں شہری مسائل کو اجاگر کرکے اصلاح احوال کے سلسلہ میں بھی مرحوم تادم آخر سرگرم عمل رہے۔اب ہم سب اوراُن کے عزیزواقارب ان کی یاد مین آنسو بہانے اورانکی یادوں کو دلوں میں بسائے ذھنی وفکری اذیت سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔میں ذاتی طور پر انکے خلوص،محبت گرم جوشی کوزندگی بھرفراموش نہ کر سکوں گا۔ دعاگو ہوں کہ خدائے بزرگ و برتر اپنے پیارے حبیب حضرت محمدﷺکے نعلین پاک کے صدقے سجاد احمد ڈار (مرحوم )کوجنت الفردوس میں اعلیٰ وارفع مقام عطافرمائے (آمین )۔اُن کے پسماندگان کویہ سانحہ ارتحال برداشت کرنے کی بھرپورتوفیق بخشے (آمین )۔یادرہے کہ مرحوم کی نمازجنازہ کاشمارتاریخ سیالکوٹ کی اہم نمازجنازہ میں ہوتا ہے غم وہ کیاگیاکہ سارے شہر کو رلا دیا۔

مزید : کالم