باغبانپورہ ، جائیدا کے تنازع پر بھائی نے فائرنگ کر کے دو سگی بہنوں کو قتل کر دیا :ملزم فرار

باغبانپورہ ، جائیدا کے تنازع پر بھائی نے فائرنگ کر کے دو سگی بہنوں کو قتل کر ...

 لاہور(وقائع نگار) باغبانپورہ کے علاقہ میں جائیداد کے تنازع پر سنگدل بھائی نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرتے ہوئے 2سگی بہنوں کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے اطلاع ملنے پر موقعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں جمع کروا دیں اور ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔فائرنگ کے واقعہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لینے کے بعد جگہ جگہ ناکے لگا کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔واقعہ کا رات گئے تک مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے ریاض احمد روڈ گلی نمبر 1 مکان نمبر 10میں دو بہنیں 20سالہ عائشہ اور 24سالہ نورین رہائش پذیر تھیں جن کا اپنے بھائی عقیل کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا ان کا بھائی سمن آباد کے علاقہ میں رہتا تھا ۔پولیس کے مطابق بہن بھائیوں کے مابین جائیداد اور وراثتی 5مرلہ کے مکان کے حوالے کئی بار لڑائی ہو چکی تھی اور محلہ داروں کے مطابق کئی بار ان کے بھائی نے گھر آ کر جھگڑا بھی کیا تھا۔گزشتہ روز دوپہر 2بجے کے قریب ملزم عقیل ان کے گھر آیا اور اس کا اپنی بہنوں کے جھگڑا ہو گیا جس پر طیش میں آ کر ملزم نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر عائشہ اور نورین شدید زخمی ہو گئیں جبکہ ملزم فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا ۔فائرنگ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے باغبانپورہ کے مختلف علاقوں میں ناکے لگا کر رات گئے تک ملزم کی تلاش بھی جاری رکھی ہوئی تھی ۔پولیس کے مطابق تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا اس حوالے سے مقتولین کے لواحقین کی جانب سے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے البتہ تفتیش جاری ہے اور سمن آباد میں ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جائے گا جہاں سے اس کے گرفتار ہونے کے امکانات ہیں ۔پولیس نے اہل علاقہ کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں اور ملزم کے دوستوں کے حوالے سے معلومات اور موبائل فون ڈیٹا کے ذریعے اس کا سراغ لگانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔

مزید : علاقائی