سی آئی اے پولیس کا سرچ آپریشن ، 4ماہ میں مختلف مقامات سے 125بچے بازیاب

سی آئی اے پولیس کا سرچ آپریشن ، 4ماہ میں مختلف مقامات سے 125بچے بازیاب

 لاہور(کرائم رپورٹر)سی آئی اے پولیس نے روزانہ کی بنیاد پر خانہ بدوشوں کی رہائش گاہوں ، بازاروں، بس سٹینڈز اور پارکوں وغیرہ میں بچوں کو اُٹھا کر بھیک مانگنے والی عورتوں کی چیکنگ کیلئے مختلف اوقات میں سرچ آپریشن کیا ۔دوران سرچ آپریشن 125بچے بازیاب کرکے چا ئلڈپروٹیکشن اور اید ھی سنٹر کے حوالے کردئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایس پی سی آئی اے کو اغواء شدہ بچوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپاجس کے تحت خصوصی طور پر9اگست2016کو ایس پی سی آئی اے کی زیر نگرانی انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور سب انسپکٹرمقبول احمد و دیگر ملازمان پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔انہوں نے شب و روز محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریلوے اسٹیشن ، داتا دربار ، پیر مکی شاہ دربار ، لاڑی اڈا ، پارکوں او ر مشہور سیر گاہوں سے125بچے بازیاب کئے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بازیا ب ہونے والے بچے مختلف وجوہات کی بناء پر گھروں سے بھاگے ہوئے اور لاوارث تھے ۔بعد از معلومات بازیاب بچوں کو چائیلڈ پروٹیکشن بیورو اور اید ھی سنٹر کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلطان چوہدری نے پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی