ناگہانی آفات کے رونما ہونے سے پہلے نمٹنے کی تیاری کرنا ہماری ذمہ داری ہے : بریگیڈئرامیر حمزہ
لاہور(کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں چار ہفتوں پر مشتمل بین الاقوامی تربیتی کورسز کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی ۔ مہمانِ خصوصی مشیر وزیراعلیٰ رانا مقبول احمداورمہمانِ اعزاز سابق برٹش پارلیمنٹرین حنظلہ ملک تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈیئر (ر) امیر حمزہ میزبان تھے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر ، ڈائریکٹر(NSET ) نیپال گنیش کمار ، انٹرنیشنل کورس کے نگران لیفٹیننٹ کرنل جاگڈیش کارڈکا ، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر محمد فرحان خالد کے علاوہ افسران اور انٹر نیشنل ٹرینئر نے خصوصی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے24شرکاء نے کامیابی سے اپنی پیشہ وارانہ اور بین الاقوامی تربیت مکمل کی جس کا انعقاد ایمر جنسی سروسز اکیڈمی میں کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے استقبالیہ کلمات میں تربیت مکمل کرنے والے شرکاء کو مبارکباد دی اوراس امید کااظہارکیا کہ وہ پاکستان میں ایک محفوظ معاشرے کی تعمیر کے لئے کمیونٹی کی سطح تک اسے پھیلانے کے علاوہ اپنے شعبہ کے ساتھیوں کے ساتھ قیمتی معلومات شیئر کریں گے۔ انہوں نے کہا یہ ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہمارے پیارے ملک پاکستان میں کسی بھی ناگہانی آفات کے رونما ہونے سے پہلے اس سے نمٹنے کے لیے تیاری کی جائے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رانا مقبول احمد نے کہا کہ مینجمنٹ آف ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کومبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ہنگامی صورتحال اور آفات سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام فار انہانسمنٹ ایمرجنسی ریسپانس(PEER)کا انعقاد کیا ۔ انہوں نے ٹریننگ کی کامیاب تکمیل پر گہرے تشکر کا اظہار کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر امیر حمزہ اوران کی ٹیم کی تعریف بھی کی جن کی کاوشوں سے محفوظ پاکستان کا تصور اجاگر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ترک حکومت کے تعاون سے تربیتی ادارے کو مضبوط کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے مہمانِ خصوصی رانا مقبول احمد ،حنظلہ ملک ، ڈا ئر یکٹر گنیش کما ر ، لیفٹیننٹ کرنل جاگڈیش کارڈکا، آ فیسرز اکیڈمی کے افسران اور اسٹا ف کا شکر یہ ادا کیا اور بریگیڈئر امیر حمزہ کی پیشہ ورانہ تربیت میں جدت لانے پر تعریف کی۔قبل ازیں چیف گیسٹ نے کو ر س کے تما م شر کا ء کو اسنا د سے نوازا ۔