ٹیکس ریٹرن فارم 2016 ء میں ترمیم کے خلاف درخواست، جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز نے ٹیکس ریٹرن فارم 2016 ء میں ترمیم کے اقدا م کے خلاف دائر درخواست پر وزارت خزانہ سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 2فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔ درخواست گزار لاہور ٹیکس بار کی جانب سے دائر درخواست میں ٹیکس ریٹرن فارم 2016 میں ترامیم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیارکیاگیا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فارم میں ترمیم کرتے وقت متعلقہ اداروں سے مشاورت نہیں کی گئی، ٹیکس بار کے صدر شہزاد فرحان نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس ریٹرن فارم میں ترامیم کی گئیں ہیں اور یہ ترامیم ٹیکس ایکٹ کے دفعات کے منافی ہیں، درخواست گزار وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹیکس ریٹرن فارم میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔