لاہوربار ایسوسی ایشن کے الیکشن کی انتخابی مہم اختتام پذیر

لاہوربار ایسوسی ایشن کے الیکشن کی انتخابی مہم اختتام پذیر

لاہور(نامہ نگار)لاہوربار ایسوسی ایشن کے الیکشن کی انتخابی مہم گزشتہ روزختم ہوگئی ،امیدواروں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی ہے۔لاہوربار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل14جنوری 2017ء کو سیشن کورٹ میں ہوں گے ،پولنگ صبح 9 سے 5بجے تک جاری رہے گی ۔واضح رہے کہ الیکشن بورڈ نے فنانس سیکرٹری کی نشست پر شاہدعلی بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر عالیہ عاطف خان اور آڈیٹر کی نشست پر ثمینہ طفیل کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے دیاہے۔ ماڈل ٹاون کی نشست پر حسام الدین اور نعیم حسن وٹو 6،6ماہ کے لئے بطور نائب صدر کام کریں گے۔ انتخاب میں پہلی بار بائیومیٹرک سسٹم کے تحت تقریبا8ہزار وکلا ء ووٹ ڈالیں گے،امیدواروں کی طرف سے بابا گراونڈ میں انتخابی ٹینٹ لگا لئے گئے ہیں۔امیدواروں کی طرف سے گزشتہ روز سیشن کورٹ اور سول کورٹ میں گہما گہمی رہی، امیدواروں نے حامی وکلا کے ساتھ مل کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا،لاہور بار کے انتخابات میں صدارت کی نشست پرمیاں اسرار اورحامد خان گروپ کے چودھری تنویراختر اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے ملک ارشد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا،لاہور بار کی نائب صدر کی نشست پر 6 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں عرفان صادق تارڑ،مہرتنویر ، مسرت رحمان، تحسین زہرہ، نویدچغتائی اور الیاس حبیب شامل ہیں،سیکرٹری کی نشست پر 6 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں جن میں ملک فیصل اعوان، اجمل کاکڑ ،رانا کاشف سلیم، ایم ایچ شاہین، ملک سہیل مرشد اور فرحان مصطفی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔لائبریری کی نشست پر سمیع اللہ خان اور ممتاز اعوان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

مزید : صفحہ آخر