سوئی گیس ملازمین کی فلاح و بہبودکیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں گے،شہزادہ اقبال رضا

سوئی گیس ملازمین کی فلاح و بہبودکیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں گے،شہزادہ اقبال ...

لاہور(لیاقت کھرل)سوئی ناردرن گیس کمپنی ایمپلائز یونین کے الیکشن سال 2016-18میں پیر محمد گروپ (شاہین گروپ)کے مرکزی صدر کی نشست کے امید وار شہزاد ہ اقبال رضا ،نائب صدر میاں فہیم ارشد،جنرل سیکرٹری عبدالرشید آفریدی،رانا وقار احمد،خواجہ عابد اور ذیشان خان سمیت دیگر امید واروں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن جیت کر سوئی گیس کمپنیوں کی ترقی ،ملازمین کی فلاح و بہبود،بنیادی حقوق کی بحالی،تنخواہوں میں زیادہ سے زیادہ اضافہ جیسے مراعاتی پیکیج کی منظوری ان کے ایجنڈے میں سر فہرست شامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’پاکستان فورم‘‘ میں کیا ہے۔اس موقع پر شاہین گروپ کے مرکزی صدر کی نشست کے لئے امید وار شہزادہ اقبال رضا نے کہا کہ الیکشن جیت کر سوئی گیس کمپنی کی ترقی جس میں لائن لاسز کم کر کے یو ایف جی کی شرح میں مزید کمی کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ گزشتہ دوسالوں کے دوران الیکشن جیتنے کے بعد پرانے ملازمین کی تنخواہوں میں 31فیصد جبکہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کی تنخواہوں میں 45فیصد تک اضافہ کرانے کا کامیاب معاہدہ کرایا جو کہ گیس کمپنی کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ان کی جانب سے سب سے بڑا تحفہ ہے انشاء اللہ اس مرتبہ دوبارہ الیکشن جیت کر ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ اضافہ کی نسبت کئی گنا زائد اضافہ کروانے میں کامیابی حاصل کی جائے گی جس میں 35سے40فیصد تک ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرانا ایجنڈے میں شامل ہے اس موقع پر مرکزی نائب صدر کی نشست کے امید وار میاں فہیم ارشد نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ملازمین لاہور سمیت پنجاب بھر اور کے پی کے صوبہ میں واقع دفاتر میں خدمات سرانجام دینے والے ہزاروں ملازمین گیس کمپنی کا اثاثہ اور ان کے سروں کا تاج ہیں ۔ انشاء اللہ الیکشن جیت کر ان کی خدمت اور فلاح و بہبود میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہیں چھوڑیں گے ۔جنرل سیکرٹری کی نشست کے امیدوار عبدالرشید آفریدی نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کی بحالی کیلئے سیسہ پلائی دیواربن کر کھڑے ہو جائیں گے اور ملازمین کے خلاف بلا وجہ کارروائی نہیں ہونے دی جائے گی اور اس میں ملازمین کو بلاوجہ دور دراز علاقوں میں تبادلے جیسی سزاؤں سے تحفظ دلوایا جائے گا اس موقع پر خواجہ عابد اور رانا وقار احمد نے کہا گیس کمپنی کی ترقی کیلئے ملازمین اپنے افسران کے ساتھ مل کر بھر پور کردار ادا کریں گے۔جس میں گیس چوری کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا ،لائن لاسز میں کمی اور یو ایف جی کی شرح میں زیا دہ سے زیادہ کمی کی جائے گی جس کیلئے وہ اپنے افسران کے ساتھ کھڑے ہو کر گیس کمپنی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور گیس کمپنی کو ایک مرتبہ پھر منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے اپنا کردارادا کریں گے۔ اس موقع پر ذیشان خان نے کہا کہ گیس کمپنی کے ملازمین کے بچوں کو گیس کمپنی میں نوکریاں دلوائی جائیں گی اور رب کریم نے عزت دی تو گیس کمپنی کے ملازمین کی عزت نفس کی بحالی اور الیکشن میں کیے گئے وعدے ہر حال میں پورے کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر