کچھ سیاستدان بلاناغہ جھوٹ بولتے اور روز نیا شوشہ چھوڑتے ہیں : نواز شریف

کچھ سیاستدان بلاناغہ جھوٹ بولتے اور روز نیا شوشہ چھوڑتے ہیں : نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 نارووال،اسلام آباد(نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر، آئی این پی، آن لائن)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کچھ سیاستدان جھوٹ بولتے ہیں اور بلاناغہ بولتے ہیں،گوشت میں بھی منگل اور بدھ کا ناغہ ہوتا ہے مگر یہ سیاستدان تو ایک دن کا ناغہ بھی نہیں کرتے ،دنیا ہماری کامیابیوں کااعتراف کر رہی ہے مگر کچھ لوگ ہم پر اعتراض کر رہے ہیں، یہ سیاستدان روز نیا شوشہ چھوڑتے ہیں اور ان کے جھوٹ سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں،خیال رکھیں ایسے پوائنٹ پر نہ چلے جائیں کہ لوگ آپ کی بات سننا ہی نہ چھوڑ دیں،قوم کی ترقی کا راستہ مت روکو اسے چلنے دو ، ہمارے سیاسی مخالفین سے ملکی ترقی میں ہاتھ نہیں بٹایاجاسکتا تو پھر ہمارا راستہ بھی مت روکیں،ان کے جھوٹ سے لوگ تنگ ہیں اور یہ جھوٹ کی سیاست پاکستان کیلئے بہت خطرناک ہے،2018میں انشاء اللہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،پاکستان میں دہشتگردوں کی بھی کمر ٹوٹ چکی ہے پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے ،خدا پاکستان کو نظربد سے بچائے ،پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کا دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹس میں شمار ہوتا ہے، ایک نیک مقصد کیلئے نارووال آنے پر بہت خوش ہوں،خدمت خلق سے مجھے جتنی خوشی ملتی ہے اتنی کسی اور کام سے نہیں ملتی،بہت سے غریب مریض ہیں جن کے پاس دوا اور ہسپتال جانے کے پیسے نہیں ہوتے،نارووال میں ایک لاکھ60ہزارخاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے جارہے ہیں،عظیم مقصد کیلئے وزیراعظم قومی صحت پروگرام کاآغاز کیا اس کے تحت کارڈ ہولڈر شخص کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ تک کے اخراجات حکومت اداکرے گی اس کے اوپر بڑھ جانے والے اخراجات پر بھی بیت المال مدد کرے گا،علاج روکا نہیں جائے گا۔وہ جمعرات کو نارروال میں وزیراعظم قومی صحت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک نیک مقصد کیلئے نارووال آنے پر بہت خوش ہوں،قومی صحت پروگرام کا اجراء ایک عظیم مقصد کے تحت کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ خدمت خلق سے مجھے جتنی خوشی ملتی ہے کسی اور کام سے اتنی خوشی نہیں ملتی،غریبوں کو صحت کی صنعت سہولیات دینے کی خواہش عرصے سے میرے دل میں تھی،نارووال میں ایک لاکھ60ہزارخاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے جارہے ہیں جس کے ذریعے معاشی ناہمواریوں کا سدباب کرنا ہمارا مقصدہے۔انہوں نے کہاکہ علاج کیلئے ڈھائی لاکھ روپے تک کی رقم حکومت ادا کرے گی،بیماری کے علاج پر ڈھائی لاکھ سے زیادہ کی رقم کی ضرورت ہو تو بیت المال ادا کریگا۔وزیراعظم نے کہاکہ قومی صحت پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے گا،ہم اندھیروں کو روشنی میں بدل کے دم لیں گے،اس پروگرام کے ذریعے دل،گردے،شوگر اورکینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا،آج سیاسی بات نہیں کرنے آیاپھر کبھی سیاسی جلسہ کرنے آؤں گا اور پھر سیاسی باتیں بھی ہوں گی۔محمد نوازشریف نے کہاکہ جب اقتدار سنبھالا تو جگہ جگہ عوام احتجاج کرتے تھے،گذشتہ تین سال میں لوڈشیڈنگ میں بہت زیادہ کمی آئی ہے،2018میں انشاء اللہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،پاکستان میں دہشتگردوں کی بھی کمر ٹوٹ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے،خدا پاکستان کو نظربد سے بچائے،کچھ سیاستدان جھوٹ بولتے ہیں اور بلاناغہ بولتے ہیں،گوشت میں بھی منگل اور بدھ کا ناغہ ہوتا ہے مگر یہ سیاستدان تو ایک دن کا ناغہ بھی نہیں کرتے۔ وزیر اعظم نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے پر وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف ، مریم نواز ،سائر افضل تارڑ و دیگر کو مبارکباد بھی دی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلائنگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ 2013میں جب مسلم لیگ ن نے اس ملک کی بھاگ دوڑ سنھبالی تو خزانے خالی تھے مگر ہمارے نیتوں کے خزانے بھرے ہوئے تھے 2013سے پہلے تک اس ملک کی معشیت کو پانچ بد ترین معشیت والے ملکوں میں شمار کیا جاتا رہا مگرامریکہ کا مشہور جریدہ پاکستان کو تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک کی شمار کر رہا ہے ،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس ملک کی ترقی میں رکاوڑ بننے والو ں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا اور 2018کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ہی کامیاب ہو گی ،پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیوہ ،یتیم اور بے سہارا افراد کی معلومات اکھٹی کی جائے اور انکی کفالت حکومت اپنے ذمہ لے تاکہ اسلامی فلاحی ریاست کا مقصد پورا ہو ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے صحت سائر افضل تارڑ نے کہا کہ ہمارے حکومت نے الیکشن میں عوا م سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کر دکھایا،میاں محمد نواز شریف نے اس ملک کے غریب کو علاج معالجے کیلئے بہترین سہولیات دینے کا جو خواب دیکھا تھا اسے آج عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے ،ہم اس سکیم کے تحت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں مفت طبی سہولیات فراہم کرئینگے،تقریب سے صوبائی وزیرخواجہ سلیمان رفیق اور ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بھی خطا ب کیا، ممبر قومی اسمبلی دانیال عزیز ممبران صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ،رانا اویس قاسم ،رانامنان احمد خان ،مولانا غیاث الدین ،رمیش سنگھ آروڑا،چیرمین ضلع کونسل احمد اقبال چوہدری ،چیرمین بلدیہ سید اظہر الحسن گیلانی ،صدر مسلم لیگ ن ضلع نارووال ملک طارق اعوان سمیت آفسران و معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس سے قبل وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت موٹرویز اور ہائی ویز کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے شاہد اشرف تارڑ نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے کہاکہ منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔جمعرات کو وزیراعظم کی زیرصدارت موٹرویز اور ہائی ویز کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ 1141ارب روپے کی لاگت سے 3047کلومیٹر طویل سڑکوں پر کام جاری ہے،سڑکوں کی تعمیر میں نجی شعبے نے150ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور تمام منصوبوں میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے،سڑکوں کے تمام منصوبے بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ہونے چاہیں۔انہوں نے کہاکہ منصوبوں کے ٹھیکوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،سڑکوں کے منصوبے مکمل ہونے سے اندرونی اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا،سڑکوں کے جال سے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہاکہ منصوبوں سے عوام کیلئے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے خلیج تعاون تنظیم میں پاکستان کی حمایت پر عمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک عمان قریبی ساتھی ہیں ، سرمایہ کاری میں عمان کا خیر مقدم اور افرادی قوت فراہم کرینگے ، فیری ٹریڈ سے دوستی کا نیا باب شروع اور آمدورفت میں معاونت ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں عمان کی سٹیٹ کونسل کے صدر یحییٰ محفوظ سلیم کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں کیا جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاک عمان محل وقوع کی وجہ سے ایک دوسرے کے قریبی ساتھی ہیں اور پاکستانی حکومت اور عوام عمان کے سلطان قابوس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں خلیج تعاون تنظیم کے آزاد تجارتی معاہدے میں حمایت پر عمان کے دلی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے برادر ملک کا ساتھ دیکر اس کی اقتصادی حالت میں بھی بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں اور ان منصوبوں میں عمانی بھائیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرینگے اور مختلف شعبوں میں ان کو افرادی قوت بھی فراہم کرینگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سرمایہ کار دوست پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور پالیسی کے مطابق غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری ان کو مساوی تحفظ حاصل ہے غیر ملکی سرمایہ کاری کے اعلیٰ شرح منافع کو بھی تحفظ دیا گیا ہے انہوں نے کراچی ، گوادر اور مسقط کے درمان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیری سروس کے شروع ہونے سے پاک عمان دوستی نئی بلندیوں کو چھونے لگی ہے اور اس کے ثمرات کے باعث سستی آمدورفت کی سہولیات میں بھی مدد ملے گی ۔

مزید :

صفحہ اول -