عوام کے پیسوں پر عیاشی کرنیوالے امیر طبقے کا احتساب ہونا چاہیے،محمود الر شید

عوام کے پیسوں پر عیاشی کرنیوالے امیر طبقے کا احتساب ہونا چاہیے،محمود الر شید

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شیدنے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں ، عوام کے پیسوں پر عیاشی کرنے والے امیر طبقے کا احتساب ہونا چاہیے، تحریک انصاف کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنی جنگ جاری رکھے گی، پانا مہ فیملی اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ہر روز جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے، پاکستان کے 20کروڑ عوام سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، کرپٹ حکمرانوں کو ہمیشہ کیلئے نا اہل قرار دیا جائے تاکہ آئندہ کوئی کرپشن کرنے کا ارادہ بھی نہ کر سکے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ پارلیمنٹ کرپشن کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کرے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ نیب کے اعداد و شمار سے ثابت ہو گیا کہ ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ بڑھتی جارہی ہے ۔ سندھ کے سرکاری ادارے کرپشن میں سب پر بازی لے گئے ہیں جو پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جبکہ پنجاب میں سیاستدانوں کی سب سے زیادہ کرپشن ن لیگ کی کارکردگی کا پول کھول رہی کیونکہ زیادہ تر ن لیگ ہی اقتدار میں رہی ہے لیکن انہوں نے کرپشن کی روک تھام کے لیے عملی طور پر کچھ نہیں کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوامیں 12 جبکہ پنجاب سے 45سیاستدانوں کے خلاف ریفرنس دائر ہوئے جس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ تحریک انصاف نے کے پی کے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے عملی طور پر اقدامات اٹھائے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر