مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ، ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں بارش برسانے والے ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو گیا جس سے ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر مزید برف باری کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کا ایک فعال سلسلہ آج بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگابلوچستان میں آج سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر، سندھ میں آج سے ہفتہ کے دوران چند مقامات پر، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں، جنوبی پنجاب میں بھی ہفتہ اور اتوار کے روز چند مقامات پر، جبکہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گللگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں گرج جمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دوسری جانب پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعدوفاقی اور صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ملک کے بیشتر علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں آ گئے ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برف باری کے نئے سلسلہ کے باعث سردی کی لہر مزیدبڑھ جائے گی اور ملک کے بیشتر علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید 04 ڈگری کمی ہو جائے گی۔ اگلے 02 روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ہونے کی پیشنگوئی ہے۔آئندہ 24گھنٹوں میں بلوچستان میں اکثر مقامات پر جبکہ سندھ، فاٹا، مالاکنڈ، ڈی آئی خان اور ڈی جی خان ڈویڑن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ جبکہ پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں رہے۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت میں کالام منفی15، استور منفی14، سکردو منفی13، گوپس، گلگت منفی09، بگروٹ، دیر، قلات منفی08، راولاکوٹ، مالم جبہ منفی07، ہنزہ منفی06، پاراچنار، مری، کوئٹہ منفی05، دروش منفی04، بونجی، رسالپور، دالبندین، چلاس، کاکول منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔