پختونخواانرجی ڈیو یپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر انتظام 1200میگاواٹ کے پن بجلی پراجیکٹس شروع

پختونخواانرجی ڈیو یپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر انتظام 1200میگاواٹ کے پن بجلی ...

 پشاور( سٹاف رپورٹر )پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) نے صوبے میں 1200میگاواٹ سے زائد کے پن بجلی کے پراجیکٹس شروع کیے ہیں جن میں سے514میگا واٹ سرکاری شعبے میں،ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے بالا کوٹ میں300میگا واٹ اور668 میگاواٹ کے نجی شعبے میں ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ35.6میگا واٹ کے356مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس رواں برس مکمل کر لئے جائیں گے جن پر پانچ بلین روپے سے زائد لاگت آئے گی اور ان سے350000نفوس پر مشتمل آبادی استفادہ کرے گی۔ اس وقت پیڈو 105میگا واٹ کے ہائیڈل پاور پراجیکٹس چلا رہا ہے اور اس نے29پراجیکٹس کی نشاندہی کی ہے جن سے3900میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جیسا کہ پاکستان میں60,000 میگا واٹ کے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی استعداد موجود ہے جبکہ اب تک صرف7000میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس کی ساٹھ فیصد استعداد خیبر پختونخوا میں ہے۔صوبائی حکومت30ہزار میگاواٹ کے پراجیکٹس پر کام شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے اس سلسلے میں وہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے کہ وہ آگے آئے اور اس پائیدار اور نفع بخش شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔اس امر کا انکشاف ایک سیمینار؍ڈنر کے دوران کیا گیا جس میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،جہانگیر خان ترین،اسد عمر،خیبر پختونخوا کے وزراء محمد عاطف، اکبر ایوب خان،شہرام خان تراکئی،سینٹرز اور ممبران قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواکو شفافیت کے فروغ اور کرپشن کے خاتمے کی ٹھوس بنیادوں پر گامزن کر دیا گیا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی پوری طرح کنٹرول کر کے سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے ۔اب یہ سرمایہ کاروں پر ہے کہ وہ آگے آئیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ سرمایہ کاری میں حائل دو بڑی رکاوٹوں سرخ فیتے اور کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب یہاں ادارے نہ صرف خود مختار ہیں بلکہ شفاف طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کی استعداد کار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ گزشتہ مہینے پیڈو نے 6منصوبوں کو نجی طور پر سرمایہ کاری کیلئے مشتہر کیا تھا اور توقع ہے کہ ان کی تکمیل سے 668میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ لہذا ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے 32مختلف کمپنیوں نے درخواستیں دیں۔ اس طرح توانائی کے شعبے میں صوبے کی رواں سال سرمایہ کاری 150ارب روپے تک پہنچ جائیگی۔

مزید : کراچی صفحہ اول