سانحہ 12مئی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ 12مئی کیس کی سماعت بورڈ ڈسچارج ہونے کے باعث غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی ہے ۔جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ 12 مئی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بورڈ ڈسچارج ہونے کے باعث نہ ہو سکی عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔ سانحہ 12 مئی کیس کی درخواست میں درخواست گزار ایڈووکیٹ اقبال کاظمی نے موقف اختیار کیا تھا کہ سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات کرائی جائیں اور لارجز بینچ تشکیل دیا جائے۔ عدالت میں لارجز بینچ تشکیل دئے جانے سے متعلق سماعت ہونا تھی جو کہ یوم سوگ کے باعث نہ ہو سکی۔ سانحہ12 مئی کیس میں درخواست گزار نے ایم کیو ایم کے بانی، مئیرکراچی وسیم اختر اور سابق صدر پروز مشرف کو فریق بنایاہے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ اقبال کاظمی نے کہا کہ آج اس اہم کیس کی سماعت کے لئے عدالت نے لارجز بینچ تشکیل دینا تھا لیکن یوم سوگ کے باعث سماعت نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ میں لندن جارہا ہوں اور بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کرکے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں مثبت سوچ رکھتی ہیں وہ 27 جنوری کو پاکستان استحکام ریلی میں ضرور شرکت کریں گی۔