خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مال کا اجلاس

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مال کا اجلاس

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مال کا ایک اجلاس کمیٹی کے چیئر مین ایم پی اے مفتی فضل غفور کی زیر صدارت جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ایم پی اے ضیاء اللہ خان بنگش ،عسکرپرویز اور محترمہ راشدہ رفعت کے علاوہ اسسٹنٹ سیکرٹری اسداللہ خان ،اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل ریاض پائندہ خیل،اسسٹنٹ کمشنرصوابی عمران حسین رانجھا اورمحکمہ مال ،محکمہ خزانہ ،محکمہ قانون اور انٹی کرپشن کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں محکمہ مال سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض فیصلے بھی کئے گئے ۔اجلاس کی کارروائی میں محکمہ مال کے حکام نے شرکاء کو کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمدکی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ویلیوایشن ٹیبل اور تحصیلداروں و نا ئب تحصیلداروں کی اپ گریڈیشن پر محکمے کی جانب سے تما م تر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے لئے سمری ارسا ل کر دی ہے جس پر مزید کارروائی کا بینہ کے احکامات کی روشنی میں کی جائے گی ۔محکمہ انٹی کرپشن کی محکمہ مال کے اہل کاروں کو بلا وجہ ہراساں اور پریشان کرنے کی شکایات کی کارروائی ڈائریکٹر انٹی کرپشن کی عدم موجودگی کے باعث آئندہ ا جلاس تک مؤخر کر دی گئی اور کمیٹی نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو آئندہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔اجلا س کی مزید کارروائی میں دل نواز خان سکنہ ٹوپی کی ا راضیات کے راستے کی بندش کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ قانون نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ اراضیات کا کیس عدالت میں ہے جس کی بناء پر کمیٹی میں اس پر بحث نہیں کی جاسکتی لہٰذادرخواست کو داخل دفتر کرنے کی سفارش کی گئی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول