چارسدہ میں سستے انصاف تک رسائی کیلئے 90 آگاہی کیمپس کا انعقاد

چارسدہ میں سستے انصاف تک رسائی کیلئے 90 آگاہی کیمپس کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ(بیورورپورٹ) غیر سرکاری تنظیم ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام قانون سے آگاہی اور سستے انصاف تک آسان رسائی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 90آگاہی کیمپس کا انعقاد کیا گیا جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران 281مقدمات درج ہوئے جس میں141 مقدمات کا فیصلہ ہو چکا ہے ۔ سمال گرانٹس ایمبیسڈر فنڈکے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت ضلع چارسدہ کے 90وکلاء کو بنیادی تربیت دی گئی۔ ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ منیجر عرفان احمد نے چارسدہ پریس کلب میں قانون سے آگاہی اور سستے انصاف تک رسائی پراجیکٹ کے اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چارسدہ ، تنگی اور شبقدر کے وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ پراجیکٹ منیجر عرفان احمد نے کہا کہ لیگل ایویر نس پروگرام فار ہیومن رائٹس نے ایک سال قبل چارسدہ میں یو ایس ایڈ (سمال گرانٹس اینڈ ایمبیسڈر فنڈ پروگرام) کے مالی تعاون سے عوام کو سستے انصاف تک آسان رسائی کے لئے پروگرام کا آغاز کیا تھا جس میں تنظیم کی جانب سے تنگی ،شبقدر اور چارسدہ کے کچہریوں میں لیگل ایڈ ڈسک قائم کئے گئے جس کا مقصد کچہری آنے والے لوگوں کے ساتھ تعاون اور انکو آسان انصاف کی فراہمی، مفت قانونی مشورے اور رہنمائی کرنا تھا ۔انہوں نے کہاکہ چارسدہ میں لیگل ایڈ ڈسک پر اب تک مجموعی طور پر 281مقدمات درج ہوئے جس میں ایک سال کے دوران 141مقدمات کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ باقی مقدمات زیر سماعت ہے جس کی پیروی اب چارسدہ بار روم کے حوالے کردی گئی ۔ تنظیم کی جانب سے چارسدہ کے 45یونین کونسلوں میں مختلف جگہوں پر آسان انصاف کے حصول اور قانون سے آگاہی سمیت انسانی حقوق کے حوالے سے 90آگاہی کیمپس کا انعقادکیا گیا ہے جس سے مجموعی طور پر 4571مرد و خواتین مستفید ہو گئے جبکہ مختلف قوانین سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے 20سے زائد ویڈیو پیغامات بھی پیش کئے گئے جس کا مقصد مقامی سطح پر ان پیغامات کو نشر کرکے عوام کو آگاہ کرنا تھا ۔چارسدہ ، تنگی اور شبقدر بار کے 90وکلاء سمیت 41وثیقہ نویسوں کو انکے کام کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے جبکہ چارسدہ کے تینوں کچہریوں میں قائم لیگل ایڈڈسک بار روم کے وکلاء حوالے کر دی گئی ہے جو مستقبل میں نہ صرف لیگل ایڈ ڈسک کے ذریعے درج مقدمات کی پیروی کرینگے بلکہ بار روم کی تنظیم کی جانب سے لیگل ایڈ ڈسک کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہے گی ۔