محنت کش طبقے کے بچوں کو تعلیمی ماحول و سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے : انیسہ زیب

محنت کش طبقے کے بچوں کو تعلیمی ماحول و سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے : انیسہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے جمعرات کے روز اپنے دفتر پشاور میں کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ" اٹک کیمپس" میں زیر تعلیم خیبر پختونخوا کے محنت کشوں کے بچوں کو تعلیمی اخراجات کے چیک حوالہ کئے۔ مذکورہ چیک خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سیصوبے کے رجسٹرڈ ورکرز کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی مد میں فراہم کئے گئے جس کا مقصد ان زیر تعلیم طلباء کا ضروری اخراجات کے سلسلے میں مالی مددکرنا ہے۔ کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ میں خیبر پختونخوا کے رجسٹرڈ محنت کشوں کے تقریباً 130بچے زیر تعلیم ہیں جن میں 15طلباء کو صوبائی وزیر نے مالی اخراجات کے سلسلے میں وظائف کے چیک حوالہ کئے جبکہ باقی ماندہ 115طلباء کو بھی عنقریب چیک فراہم کئے جائیں گے ۔مجموعی طور پر ان 130طلباء کے تعلیمی اخراجات اور تعلیمی فیسوں کے سلسلے میں 2کروڑ اور 10لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں جن میں طلباء کی فیسوں اور دیگر ضروری اخراجات کے سلسلے میں تقریباً ایک کروڑ 86لاکھ سے زائد روپے شامل ہیں جبکہ باقی ماندہ روپے طلباء کے دیگر اخراجات ماہانہ خرچہ کیلئے ہیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمر زئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سکالر شپس ورکرز ویلفیئر بورڈ ساجد انعام اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ ملک و صوبے کے اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں میں خیبر پختونخواکے محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لئے بہتر مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں اور رجسٹرڈ محنت کشوں کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ان طلباء کو تمام ضروری اخراجات کے تعلیمی وظائف دئے جا تے ہیں تاکہ وہ بھی زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں اور اپنی اعلیٰ کارکردگی کا لوہا منوائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں جو کہ میڈیکل ، انجنیئرنگ ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر اہم شعبوں میں اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں کیلئے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ذریعے صوبائی حکومت تعلیمی وظائف دے رہی ہے اورغلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ، نیشنل کالج آف آرٹس اور دیگر اہم درسگاہوں میں ان بچوں کی تعلیمی میدان میں آبیاری کا سلسلہ جاری ہے تاکہ کل یہ بچے فارغ ہو کر ہمارا روشن مستقبل بنیں ۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کہ کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھیں کیونکہ ان سے اپنے والدین اور قوم کے مثبت توقعات وابستہ ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سکالر شپس ورکرز ویلفیئر بورڈ نے بتایا کہ موجودہ حکومت میں تقریباً 60کروڑ روپے کے وظائف محنت کشوں کے بچوں کو دیے گئے ہیں اور خیبر پختونخوا کے رجسٹرڈ ورکرز کے مختلف اداروں میں زیر تعلیم بچوں جن کی تعداد تقریباً 3ہزار ہے کوحکومت تعلیمی وظائف فراہم کرتی ہے۔