عدالت پانامہ کا جو فیصلہ بھی کرئے قبول ہوگا،ساجد قریشی

عدالت پانامہ کا جو فیصلہ بھی کرئے قبول ہوگا،ساجد قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی اور سیکریٹری اطلاعات شمالی پنجاب ساجد علی قریشی نے کہا ہے کہ عدالت پانامہ لیکس کیس کا جو بھی فیصلہ کرے ہمیں قبول ہوگا مگر پاکستان تحریک انصاف نے حکمرانو کی قانون پسندی ، دروغ گوئی اور کرپشن کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے . آج ملک بھر میں بچہ بچہ حکمرانوں کی کذب بیانی اور کرپشن پر انگلیاں اٹھا رہا ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے کیونکہ کرپٹ اور جھوٹے حکمرانوں کا اصل احتساب عوام آنے والے الیکشن میں اپنے ووٹ کی پرچی سے کریں گے اور ملک کے باشعور عوام جان چکے ہیں کہ جب تک وہ جھوٹ ، منافقت اور لوٹ مار کی سیاست سے جان نہیں چھڑائیں گے ان کے حالات نہیں بدلیں گے . انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ شمالی پنجاب میں ریجن کے ضلعی عہدیداروں کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا . اس موقع پر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے جنرل سیکریٹری عطاء اللہ شادی خیل بھی موجود تھے . عامر محمود کیانی نے ضلعی تنظیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے ویژن کو موثر طریقے سے عوام تک پہنچائیں اور کرپشن کے خلاف ہم نے جو جہاد شروع کر رکھا ہے اس میں عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ شریک کریں . انہو ں نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن ، جھوٹ اور منافقت کو بے نقاب کرکے تحریک انصاف نے ایک بڑی قومی خدمت انجام دی ہے جس کا عوام الناس کو پورا پورا شعور دینا تمام عہدیداروں کے فرائض میں شامل ہے . ہمارا مقصد محض سیاسی فوائد کا حصول نہیں بلکہ تحریک انصاف حقیقی معنوں میں ملک کو بدعنوانی ، حکمرانوں کے ہاتھوں وسائل کی لوٹ مار ، جمہوریت کی روئی میں لپٹی موجودہ آمریت اور بادشاہت ، جھوٹ ، منافقت اور منفی سیاسی رویوں سے نجات دلا کر انصاف پر مبنی حقیقی نظام قائم کرنا چاہتی ہے . اس جدوجہد میں کامیابی ہماری اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے اور ایک ایک کارکن کا اس میں اہم کردار ہے . انہوں نے کہا کہ ریجن کے ضلعی صدور اور دیگر عہدیدار اس مقدس مشن میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں جنہیں اپنی ذمہ داریوں کا پورا ادراک کرکے بے لوث کام کرنا چائیییے .ساجد علی قریشی نے کہا کہ ہم عوام کی عدالت میں اپنا کیس جیت چکے ہیں کیونکہ عوام الناس کے اندر موجودہ حکمران اپنی منافقت اور جھوٹ کی وجہ سے بے نقاب ہو چکے ہیں اور آنے والے الیکشن میں عوام ان کو مسترد کرکے خود ان کا احتساب کریں گے .