دھماکہ خیز مواد برآمدگی،کالعدم پمفلٹ کے تین مقدمات پر فردجرم عائد نہ ہوسکی
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)دھماکہ خیز مواد برآمدگی اور کالعدم تنظیم کے پمفلٹ کے تین مقدمات میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی جبکہ ایک میں ملزمان پر فرد جر م عائد کر دی گئی، گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملزمان شاہین وغیرہ کیس کی سماعت شروع کی تو ملزمان حاضر تھے جن پر عدالت نے فرد جر عائد کر دی ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے سماعت 27جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کی شہادتیں طلب کرلیں، محمد شعیب، کاشف صدیق اور محمد ہاشم پر مقدمہ کی فرد جر عائد نہیں ہو سکی ملزمان کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی عدالت نے تینوں کیسوں کی سماعت مزید کارروائی کیلئے 26جنوری تک ملتوی کر دی ملزمان کے خلاف صدر اٹک پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس حکام نے الگ الگ مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔